

اندور، 18 جنوری (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے اندور میں اتوار کو ہندوستان-نیوزی لینڈ کے درمیان تین میچوں کی ایک روزہ کرکٹ سیریز کا تیسرا اور آخری مقابلہ کھیلا جا رہا ہے۔ میچ کو لے کر شہر میں زبردست جوش ہے۔ ادھر، پولیس اور ضلع انتظامیہ نے میچ کو لے کر پختہ انتظامات کیے ہیں۔
اندور ہولکر اسٹیڈیم میں ہندوستان-نیوزی لینڈ کے درمیان (میچ) شروع ہو گیا ہے۔ اس میچ کو لے کر پورے شہر کے کرکٹ شائقین میں زبردست جوش و خروش ہے۔ صبح سے ہی اسٹیڈیم کے آس پاس نوجوانوں کی خاصی بھیڑ ہے۔ بڑی تعداد میں نوجوان اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے آئے ہیں۔ کوئی پسندیدہ کھلاڑیوں کا پورٹریٹ بنا کر لایا تو کسی نے 500 کلومیٹر بائک چلا کر میچ دیکھنے کی خواہش پوری کی۔ جن لوگوں کو ٹکٹ نہیں ملا ہے، وہ اسٹیڈیم کے باہر ماحول دیکھنے، خریداری کرنے کے لیے بھی پہنچے ہیں۔
اندور کے کیشو شرما اپنے ہاتھوں سے بنے وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما کا پورٹریٹ لے کر اسٹیڈیم پہنچے۔ وراٹ کوہلی نے اسے دیکھ کر ہاتھ بھی دکھایا تھا۔ کیشو نے اسے محض 20 گھنٹے میں تیار کیا ہے۔ وہیں بھوپال سے سیف الدین شاجا پور والا ایکٹیوا لے کر اندور پہنچے ہیں۔ ویئر ہاوس میں نوکری کرنے والے سیف الدین نے بتایا کہ وہ ہندوستان میں ہونے والے سبھی میچ دیکھنے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ آج ہندوستانی ٹیم 300 رن بنائے گی اور سیریز جیتے گی۔
ادھر، ناگپور سے بائک چلا کر میچ دیکھنے پہنچے سچن ٹھاکر نے بتایا کہ وہ اسی خاص گیٹ اپ میں ملک بھر میں میچ دیکھنے جاتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس حلیے میں کرکٹ کے تئیں ان کا جنون صاف جھلکتا ہے اور لوگ انہیں آسانی سے پہچان لیتے ہیں۔ سچن نے بتایا وہ وراٹ کوہلی کے بہت بڑے فین ہیں۔ وہیں، اجین کے بڑ نگر تحصیل میں آنے والے بمنا پانی گاوں کے معذور ابھیشیک سونی نے اندور میں انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان لائیو میچ دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔ اس نے ایک ویڈیو کے ذریعے وزیر اعلیٰ موہن یادو سے فریاد کی۔ اس کا کہنا تھا کہ ٹکٹ کا انتظام نہیں ہو پا رہا ہے۔ یہ سنتے ہی سی ایم نے بغیر کسی ےتاخیر کیے ٹکٹ کا انتظام کر دیا۔
دوسری طرف میچ سے پہلے سیکورٹی اور انتظامات کو لے کر ضلع انتظامیہ پوری طرح چوکس نظر آیا۔ نگم کمشنر کشتیج سنگھل نے ہولکر اسٹیڈیم احاطے، داخلہ اور نکاسی کے راستے، پارکنگ کے مقام سمیت آس پاس کے علاقوں کا معائنہ کیا۔ افسران کو بھیڑ کے انتظام اور ٹریفک نظام کو لے کر ضروری ہدایات دیں۔ اسٹیڈیم کے اندر اور باہر سیکورٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے ہیں۔
ہائی پروفائل مقابلے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے اندور پولیس نے شہر کے لیے ایک تفصیلی ٹریفک پلان تیار کیا ہے۔ صبح 10 بجے سے ہی اہم راستوں پر ٹریفک ڈائیورژن کا عمل شروع کر دیا گیا تھا۔ اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے انتظامیہ نے واضح ہدایات جاری کی ہیں، جس کے تحت حکم چند گھنٹہ گھر سے آنے والے شائقین پیدل راستے کا استعمال کریں گے، جبکہ پنچم کی فیل سے آنے والے لوگوں کا داخلہ زنجیر والا چوراہے سے ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی پولیس نے سیکورٹی کے پیش نظر اسٹیڈیم کے اندر لے جانے والی ممنوعہ اشیاء کی فہرست بھی شیئر کی ہے تاکہ امن و امان قائم رہے۔ اسٹیڈیم میں پانی کی بوتل، کیمرہ اور ہینڈ بیگ لے جانے کے لیے منع کیا گیا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن