

جبل پور، 18 جنوری (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے جبل پور میں اتوار کی دوپہر ایک تیز رفتار کار نے سڑک کنارے بیٹھے تقریباً 12 مزدوروں کو کچل دیا۔ حادثے میں دو مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ 10 مزدور زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے سات کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ سبھی زخمیوں کو 108 ایمبولینس کی مدد سے میڈیکل کالج اسپتال ریفر کیا گیا ہے۔
معلومات کے مطابق، حادثہ اتوار کی دوپہر دو بجے ہوا۔ جبل پور کے بریلا تھانہ علاقے میں واقع رنگ روڈ پر مزدور سڑک کے ڈیوائیڈر میں لگی لوہے کی جالیوں کی صفائی کا کام کرنے کے بعد وہیں بیٹھ کر کھانا کھا رہے تھے۔ اسی دوران بریلا سے جبل پور کی جانب آ رہی ایک تیز رفتار سفید کار نے مزدوروں کو ٹکر مار دی اور موقع سے فرار ہو گئی۔ حادثے میں دو مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ 10 مزدور زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے سات کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ سبھی زخمی مزدوروں کو 108 کی مدد سے علاج کے لیے میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔ سڑک حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے اور تفتیش کر رہی ہے۔ وہیں خوفناک حادثے کو انجام دینے کے بعد گاڑی ڈرائیور گاڑی کو لے کر فرار ہو گیا۔ پولیس گاڑی ڈرائیور کی تلاش کر رہی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق، ایکتا چوک کے پاس تقریباً 24 مزدور کام کر رہے تھے۔ کھانے کے دوران اچانک کار نے انہیں روند دیا، جس سے موقع پر افرا تفری مچ گئی۔ زخمی مزدور مہنت اوئیکے نے بتایا کہ کار اچانک سامنے آ گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے ساتھیوں کو کچلتے ہوئے بھاگ گئی۔ جب تک کچھ سمجھ پاتے، تب تک کئی ساتھی سڑک پر زخمی پڑے تھے۔ بریلا تھانہ انچارج انل پٹیل نے بتایا کہ زخمیوں کا علاج جاری ہے اور مفرور کار ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ آس پاس کے سی سی ٹی وی کیمروں اور ٹول ناکوں کے فوٹیج کھنگالے جا رہے ہیں۔ جلد ہی ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن