
نئی دہلی، 18 جنوری (ہ س)۔
شاہدرہ ضلع کے تھانہ گیتا کالونی میں ہفتہ کی رات دیر گئے شرابی جھگڑے کے دوران ایک رکشہ ڈرائیور کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے قتل میں استعمال ہونے والی لکڑی کا ڈنڈا برآمد کر لیا ہے۔
شاہدرہ ضلع کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس پرشانت گوتم نے اتوار کو بتایا کہ ہفتہ کی رات تقریباً 9:49 بجے پولیس کو پی سی آر کال موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ گاندھی نگر میں ایس کے وی نمبر 1 اسکول کی باو¿نڈری وال کے پاس سڑک کے کنارے ایک شخص خون میں لت پت پڑا ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور ایک شخص کو سر پر شدید چوٹوں اور خون سے لت پت پڑا پایا۔
متوفی کی شناخت 36 سالہ دانوا عرف لال بٹی کے طور پر ہوئی ہے جو ہاتھرس ضلع (یوپی) کا رہنے والا تھا۔ وہ گاندھی نگر علاقے میں برتن بنانے کا کام کرتا تھا اور رکشہ بھی چلاتا تھا۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جی ٹی بی اسپتال بھیج دیا گیا۔ کرائم ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور جائے وقوعہ کی تصویر کشی کی۔
62 سالہ خوشی رام، جو گاندھی نگر میں اسکول کی دیوار کے قریب سڑک کے کنارے ایک کھانے کی دکان چلاتا ہے، نے پولیس کو بتایا کہ دانوا اور اس کا دوست بنٹی شام کو کھانے کے لیے آئے تھے، جہاں انہوں نے شراب پی۔ تھوڑی دیر بعد دونوں کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا جو جلد ہی زبانی بدسلوکی اور جسمانی لڑائی میں بدل گیا۔ غصے میں آکر بنٹی نے پاس پڑی لکڑی کا ڈنڈا اٹھایا اور پوری طاقت سے دانو کے سر پر مارا۔ سر پر شدید چوٹ لگنے سے د نوا زمین پر گر گیا اور اس کے منہ سے خون بہنے لگا۔ کچھ ہی دیر بعد وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ شکایت کی بنیاد پر گیتا کالونی پولیس اسٹیشن میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا اور ملزم بنٹی (26) کو گرفتار کرلیا گیا۔ قتل میں استعمال ہونے والی لکڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ واقعہ اچانک جھگڑے اور اشتعال انگیزی کا نتیجہ ہے۔ ملزم سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ