
جموں, 18 جنوری (ہ س)۔ منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کو مزید تیز کرتے ہوئے ڈوڈہ پولیس نے ایک مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے آدھے کلوگرام سے زائد چرس نما ممنوعہ مادہ برآمد کیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈوڈہ سندیپ مہتا کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن ڈوڈہ کی ایک ٹیم نے گنپت پل ڈوڈہ کے مقام پر ناکہ اور ٹریفک چیکنگ قائم کی۔ یہ کارروائی ایس ایچ او پولیس اسٹیشن ڈوڈہ اور انچارج پولیس پوسٹ پل ڈوڈہ کی قیادت میں جبکہ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہیڈکوارٹر ڈوڈہ کی نگرانی میں انجام دی گئی۔
ناکہ چیکنگ کے دوران پولیس نے پل کے قریب ایک شیڈ کے پاس کھڑے ایک مشتبہ شخص کو دیکھا جو پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فرار ہونے کی کوشش کرنے لگا، تاہم پولیس اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے دبوچ لیا۔ اس دوران اس کی گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔پوچھ تاچھ کے دوران ملزم کی شناخت شراون کمار ولد نریندر کمار سکنہ چلی بھلیسہ تحصیل گندوہ، ضلع ڈوڈہ کے طور پر ہوئی۔ ذاتی تلاشی کے دوران ملزم کے قبضے سے ایک سفید پلاسٹک بیگ برآمد ہوا، جس میں 578 گرام چرس نما منشیاتی مادہ پایا گیا۔ ملزم مذکورہ ممنوعہ مادہ رکھنے کے حوالے سے کوئی تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہا۔
اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ڈوڈہ میں ایف آئی آر نمبر 18/2026 زیر دفعات 8/20 این ڈی پی ایس ایکٹ درج کر لی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ منشیاتی مادے کے منبع کا پتہ لگانے اور اس نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی شناخت کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔ڈوڈہ پولیس نے منشیات کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی کو دہراتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق کسی بھی قسم کی اطلاع پولیس کے ساتھ شیئر کریں۔ پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اطلاع دینے والے کی شناخت کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا اور منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر