
علی گڑھ, 18 جنوری (ہ س)۔
ووٹروں کی فہرست کو غلطیوں سے پاک بنانے کے لیے جاری ایس آئی آر مہم کے تحت ضلع بھر کے سبھی پولنگ بوتھ پر تعینات رہےبی ایل اوز نے ووٹر لسٹوں کو عوامی طور پر پڑھ کرسنایا ۔ اس دوران نئے نام شامل کرنے، نام حذف کرنے اور ترمیم کے لیے درخواستیں وصول کی گئیں۔مجموعی طور پر ساڑھے پانچ ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔
اس دوران بڑی تعداد میں ووٹر بوتھوں پر پہنچے۔ اے ڈی ایم(انتظامیہ) پنکج کمار نے بتایا کہ ایک دن میں فارم6 (نیا نام شامل کرنے ) کے 4384 فارم7 (نام حذف کرنے) کے 272 اور فارم8 (ترمیم) کے 893 درخواستیں موصول ہوئیں، بی ایل او نے ڈرافٹ ووٹر لسٹ پڑھ کر سنایا ، تا کہ لوگ اپنے نام، عمر، پتہ اور دیگر تفصیلات کی جانچ کر سکیں۔ جن ووٹروں کی تفصیلات میں غلطی پائی گئی، ان سے موقع پر ہی ترمیمی فارم بھروائے گئے۔ فوٹو اپڈیٹ کرنے کی کارروائی بھی کرائی گئی۔ اے ڈی ایم پنکج کمار نے اگلاس اسمبلی حلقہ کے پولنگ سینٹر وں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بی ایل او کو ہدایت دی کہ کوئی بھی اہل شہری ووٹر لسٹ سے محروم نہ رہ جائے اورسبھی درخواستوں کا مقررہ وقت میں نپٹارہ کیا جائے۔ معائنے کے دوران ای آر او اگلاس پریتوش مشرا بھی موجود رہے۔ اسی طرح برولی اسمبلی حلقہ میں ڈی ایم سنجیو رنجن نے مختلف بوتھ کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بی ایل او سے درخواست کے عمل، ووٹر لسٹ اور شہریوں کی سہولت کے متعلق معلومات حاصل کیں۔ ڈی ایم نے ہدایت دیا کہ مہم مکمل شفافیت اور سنجیدگی کے ساتھ چلائی جائے، تاکہ ووٹر لسٹ پوری طرح درست اور قابل اعتماد بن سکے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ