
واشنگٹن،17جنوری(ہ س)۔وائٹ ہاوس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سربراہی میں غزہ کی پٹی کے لیے ”امن کونسل“ کے ارکان کے ناموں کا اعلان کر دیا۔جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ امن کونسل میں سفارت کاری، ترقی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تجربہ رکھنے والے رہنما شامل ہیں۔ ان رہنماو¿ں میں وزیر خارجہ مارکو روبیو، سٹیو وتکوف، جیرڈ کشنر، ٹونی بلیئر، مارک روون، اجے بانگا اور رابرٹ گیبریل شامل ہیں۔ ہر رکن تعمیرِ نو، صلاحیت سازی، سرمایہ کاری کے حصول اور بین الاقوامی مالیات سے متعلق ایک اہم معاملے کا ذمہ دار ہوگا۔
وائٹ ہاو¿س نے اقوام متحدہ کے سابق مشرق وسطیٰ کے ایلچی نکولے ملادی نوف کو غزہ کے لیے اعلیٰ نمائندہ مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا تاکہ وہ امن کونسل اور مقامی حکام کے درمیان رابطے کی کڑی بن سکیں۔ بین الاقوامی استحکام فورس کی قیادت سابق امریکی سپیشل آپریشنز کمانڈر میجر جنرل جیسپر جیفرز کے سپرد کی گئی ہے جنہیں سکیورٹی آپریشنز کی نگرانی، اسلحہ سے پاک کرنے کی حمایت اور انسانی ہمدردی کی امداد اور تعمیرِ نو کے سامان کی رسائی کو محفوظ بنانے کا کام سونپا گیا ہے۔ آریہ لائٹ سٹون اور جوش گرین بوم کو امن کونسل کا سینئر مشیر مقرر کیا گیا ہے تاکہ وہ تزویراتی منصوبہ بندی اور روزمرہ کے آپریشنز کی نگرانی کی ذمہ داریاں سنبھال سکیں۔
متوازی طور پر غزہ کے لیے ایک ایگزیکٹو کونسل قائم کی جا رہی ہے تاکہ روزمرہ کے انتظام میں مدد دی جائے اور استحکام اور خدمات کو فروغ دیا جا سکے۔ اس میں بین الاقوامی اور علاقائی شخصیات شامل ہیں جن میں امریکی مندوب سٹیو وٹکوف، ٹرمپ کے داماد جیرڈ کوشنر، ترک وزیر خارجہ ہاقان فیدان، حسن رشاد، وزیرہ ریم الہاشمی اور سگریڈ کاگ شامل ہیں۔بیان میں اس عبوری ڈھانچے کی حمایت کے لیے امریکہ کے مکمل عزم کا اعادہ کیا گیا اور اسرائیل، عرب ملکوں اور عالمی برادری کے ساتھ شراکت داری میں کام کرنے پر زور دیا گیا۔ تمام فریقوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ منصوبے کے فوری اور کامیاب نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے تعاون کریں۔ یہ بھی بتایا گیا کہ آنے والے ہفتوں میں مزید ناموں کا اعلان کیا جائے وائٹ ہاو¿س نے کہا کہ امریکی صدر نے غزہ کے انتظام کے لیے قومی کمیٹی کی تشکیل کا خیر مقدم کیا ہے اور اس قدم کو تنازع کے خاتمے کے لیے اپنے جامع منصوبے کے دوسرے مرحلے کے نفاذ میں ایک بنیادی سنگِ میل قرار دیا ہے۔ یہ منصوبہ 20 نکات پر مشتمل روڈ میپ پر مبنی ہے جس کا مقصد پائیدار امن، استحکام، تعمیرِ نو اور اقتصادی خوشحالی کا حصول ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ یہ کمیٹی ڈاکٹر علی شعث کی سربراہی میں چلائی جائے گی۔ ڈاکٹر علی شعث بنیادی خدمات کی بحالی، شہری اداروں کی دوبارہ تعمیر اور غزہ کے رہائشیوں کی روزمرہ زندگی میں استحکام لانے کی نگرانی کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan