
فارمولا 1 : 2026 سیزن میں فیراری کے ساتھ لوئس ہیملٹن کو نئے ریس انجینئر ملیں گے
لندن، 17 جنوری (ہ س)۔ سات بار کے فارمولا ون عالمی چیمپئن لوئس ہیملٹن کو 2026 سیزن میں فیراری کے ساتھ ایک نئے ریس انجینئر کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ فیراری نے جمعہ کو اعلان کیا کہ ریکارڈو ادامی کو ان کے موجودہ کردار سے علیحدہ کر کے ایک نئی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ فیراری کے بیان کے مطابق، ریکارڈو ادامی اب ٹیم کی ڈرائیور اکیڈمی اور گزشتہ کار آزمائشی پروگرام (ٹیسٹنگ آف پریویس کارس پروگرام) کے انتظامی امور سنبھالیں گے۔ ٹیم نے واضح کیا کہ ہیملٹن کے نئے ریس انجینئر کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
گزشتہ سیزن میں فیراری کے ساتھ اپنے پہلے سال میں ہیملٹن اور ادامی کے درمیان ریڈیو پر ہوئی تلخ کلامی کو لے کر کئی رپورٹس منظر عام پر آئی تھیں۔ حالانکہ، ہیملٹن نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے اسے ’’محض شور‘‘ قرار دیا تھا۔ ہیملٹن نے مئی 2025 میں کہا تھا، ’’کیا ہمارے درمیان اختلافات ہوتے ہیں؟ ہاں، جیسے ہر رشتے میں ہوتے ہیں۔ لیکن ہم انہیں حل کر لیتے ہیں۔ ہم دونوں ایک ہی مقصد کے حصول کے لیے ساتھ ہیں۔‘‘
اس کے باوجود، سیزن کے اختتام تک دونوں کے درمیان ریڈیو پر ناخوشگوار مباحثے جاری رہے۔ 41 سالہ ہیملٹن کے لیے یہ سیزن ان کی پیشہ ورانہ زندگی کا سب سے مایوس کن رہا، کیونکہ وہ پورے سیشن میں ایک بھی بار پوڈیم پر جگہ نہ بنا سکے۔ وہیں، ان کے ساتھی ڈرائیور چارلس لیکلر نے پوڈیم فنش درج کی۔ قابل ذکر ہے کہ ریکارڈو ادامی اس سے قبل چار بار کے عالمی چیمپئن سبیسٹین فیٹیل اور اسپین کے کارلوس سینز کے ساتھ بھی فیراری میں کام کر چکے ہیں۔ وہ گزشتہ 11 برسوں سے مارانیلو میں واقع ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔
فیراری اگلے ہفتے اپنی نئی کار کی لیوری متعارف کرانے جا رہی ہے۔ اس کے بعد سبھی 11 ٹیمیں 26 سے 30 جنوری کے درمیان بارسلونا میں بند دروازوں کے پیچھے پری-سیزن ٹیسٹنگ میں حصہ لیں گی۔ فارمولا 1 کا 24 ریسوں پر مشتمل 2026 سیزن 8 مارچ کو آسٹریلیا گراں پری سے شروع ہوگا۔ اس سیزن کے ساتھ ہی کھیل ایک نئے انجن دور میں داخل ہوگا، جس میں تکنیکی ضوابط میں نمایاں تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن