
جموں, 17 جنوری (ہ س)یومِ جمہوریہ کے پیش نظر ضلع میں سیکورٹی انتظامات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل کو یقینی بنانے کے مقصد سے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈوڈہ سندیپ مہتا کی صدارت میں سبسڈیئری ملٹی ایجنسی سینٹر (ایس ایم اے سی) کی ایک اہم میٹنگ ضلع پولیس ہیڈکوارٹر ڈوڈہ میں منعقد ہوئی۔میٹنگ میں ضلع پولیس ڈوڈہ، فوج، سی اے پی ایف اور ضلع میں سرگرم مختلف انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران موجودہ سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایس ایس پی ڈوڈہ کی جانب سے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن پیش کی گئی، جس کے بعد علاقہ جاتی نگرانی، ناکوں کو مضبوط بنانے، مشتبہ اور سماج دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے، بروقت انٹیلی جنس شیئرنگ اور سوشل میڈیا کی مؤثر نگرانی جیسے اہم نکات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ افواہوں اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بھی مؤثر حکمتِ عملی طے کی گئی۔
میٹنگ میں یومِ جمہوریہ سمیت آئندہ اہم تقریبات کے دوران فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے مخصوص عملی منصوبے تیار کیے گئے۔ ایس ایس پی ڈوڈہ نے تمام متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان باہمی ہم آہنگی، فعال انٹیلی جنس شیئرنگ اور اعلیٰ سطحی تال میل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام یونٹس الرٹ، مستعد اور منظم انداز میں کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ بروقت قابلِ عمل اطلاعات کی ترسیل اور فوری زمینی کارروائی ہی امن و امان برقرار رکھنے کی بنیاد ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر