
نوئیڈا، 16 جنوری (ہ س)۔ پرو ریسلنگ لیگ (پی ڈبلیو ایل) 2026 کے پانچویں سیزن کی شاندار شروعات جمعرات کی رات نوئیڈا انڈور اسٹیڈیم میں ہوئی۔ افتتاحی مقابلے میں پنجاب رائلز نے سنسنی خیز جدوجہد میں یو پی ڈومینیٹرز کو 4-5 سے ہرا کر دو اہم پوائنٹس اپنے نام کیے۔ یہ باوقار لیگ 15 جنوری سے یکم فروری 2026 تک کھیلی جائے گی۔
پہلے دن کل نو مقابلے کھیلے گئے، جس میں پنجاب رائلز نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلے پر کنٹرول بنائے رکھا۔ پنجاب کے چندر موہن کو شاندار شروعات دلانے کے لیے ’’پلیئر آف دی میچ‘‘ چنا گیا، جبکہ یو پی ڈومینیٹرز کی نشا دہیا کو پنجاب کی کپتان اینا گوڈینیز پر 4-22 کی تکنیکی برتری سے جیت درج کرنے کے لیے ’’فائٹر آف دی میچ‘‘ کا انعام ملا۔
74 کلوگرام مردوں کے زمرے میں چندر موہن نے آرمینیا کے ارمان آندریسیان کو 5-12 سے ہرا کر پنجاب کو مضبوط شروعات دلائی۔ 57 کلوگرام خواتین کے زمرے میں پولینڈ کی روکسانا زاسینا نے امریکہ کی بریجیٹ میری ڈیوٹی کو 6-13 سے شکست دی۔ اس کے بعد 57 کلوگرام مردوں کے زمرے میں چراغ چھکارا اور 76 کلوگرام خواتین کے زمرے میں پریا ملک نے بھی جیت درج کر پنجاب کی پوزیشن مضبوط کر دی۔
یو پی ڈومینیٹرز کی جانب سے میخائلو واسل (86 کلوگرام مرد)، نشا دہیا (62 کلوگرام خواتین) اور وشال کالی رمن (65 کلوگرام مرد) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو مقابلے میں بنائے رکھا۔ نشا دہیا نے ٹورنامنٹ کے سب سے متاثر کن مقابلوں میں سے ایک میں اینا گوڈینیز کو تکنیکی برتری سے مات دی۔
125 کلوگرام زمرے میں دنیش دھنکڑ نے یو پی کے جسپورن سنگھ کو 0-3 سے ہرا کر پنجاب رائلز کی کل برتری پکی کر دی اور ٹیم کو مقابلے میں فیصلہ کن سبقت دلائی۔ آخری مقابلے میں 53 کلوگرام خواتین کے زمرے میں یو پی کی انتم پنگھال کو پنجاب کی ہنسیکا لامبا کے واک اوور کے سبب جیت ملی، جس سے اسکور 4-5 رہا۔
پرو ریسلنگ لیگ 2026 کے دوسرے دن ڈبل ہیڈر کھیلا جائے گا۔ پہلا مقابلہ مہاراشٹر کیسری اور دہلی دنگل واریئرز کے درمیان جمعہ کی شام 6.00 بجے شروع ہوگا، جبکہ رات کے دوسرے مقابلے میں پنجاب رائلز کا سامنا ہریانہ تھنڈرز سے ہوگا۔
پنجاب رائلز کی اس جیت کے ساتھ ہی پی ڈبلیو ایل 2026 کا آغاز بیحد سنسنی خیز انداز میں ہوا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن