
جموں, 16 جنوری (ہ س)لائن آف کنٹرول اور ہند پاک بین الاقوامی سرحد پر جمعرات کی شام اُس وقت کشیدگی دیکھی گئی جب پونچھ ضلع کے حساس علاقوں اور سانبہ سیکٹر میں پاکستانی ڈرونز کی نقل و حرکت دیکھی گئی۔ واقعے کے فوراً بعد بھارتی سیکورٹی فورسز نے صورتحال کو سنبھالتے ہوئے جوابی کارروائی عمل میں لائی۔
ذرائع کے مطابق پونچھ کے ڈگوار سیکٹر میں ایک ڈرون کئی منٹ تک فضا میں منڈلاتا رہا، جس پر بھارتی فوج کے جوانوں نے الرٹ رہتے ہوئے فائرنگ کی۔ اسی دوران سانبہ ضلع میں آئی بی کے قریب مشتبہ ڈرون سرگرمی دیکھی گئی، جبکہ رام گڑھ سیکٹر میں بھی ڈرون کی موجودگی کی اطلاع ملی۔
ممکنہ خطرات کے پیش نظر سرحدی علاقوں میں سیکورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں۔ فورسز نے علاقے میں ایریا ڈومینیشن، گشت اور نگرانی کے عمل میں تیزی لا دی ہے، جبکہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق سرحد پر چوکسی برقرار ہے اور سیکورٹی ایجنسیاں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔جبکہ مزید پیش رفت کا انتظار ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر