
فیروز آباد، 16 جنوری (ہ س)۔ اترپردیش کے فیروز آباد ضلع میں آگرہ-لکھنو ایکسپریس وے پر جمعہ کو ٹائر پھٹنے سے ایک منی بس کنٹرول کھو بیٹھی اور ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں مہاراشٹر کے سات یاتری زخمی ہو گئے۔ ان میں سے چار شدید زخمی ہیں جنہیں سیفئی منی پی جی آئی بھیجا گیا ہے۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
جمعہ کو، فیروز آباد ضلع میں آگرہ-لکھنو¿ ایکسپریس وے پر 74 ویں کلومیٹر کے سنگ میل کے قریب، اس وقت ہنگامہ مچ گیا جب ایک منی بس کا ٹائر اچانک پھٹ گیا، جس کی وجہ سے وہ کنٹرول کھو کر ایک ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی۔ اطلاع ملتے ہی یوپی ڈی اے کی ٹیم پولیس کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچی۔ پولیس نے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ سات افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے چار شدید زخمیوں کو منی پی جی آئی سیفئی ریفر کیا، جب کہ تین دیگر کو سرسا گنج کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ زخمی ہونے والے تمام عقیدت مند مہاراشٹر سے تھے، جو ہندوستان کے دورے پر تھے اور ایودھیا میں بھگوان شری رام کے درشن کے بعد متھرا جا رہے تھے۔ سرسا گنج پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ٹریفک کو بحال کیا اور تباہ شدہ گاڑی کو ایکسپریس وے سے ہٹایا۔
شدید زخمیوں میں شری نارائن کی بیوی لکشمی بائی (70)، اندالو کی بیوی پرتیبھا (70)، صاحب رائے (90) نند کشور ولد ہری بھاو وامرے اور صاحب راو کی بیوی لیلاوتی (70) شامل ہیں، سبھی مہاراشٹر کے مختلف مقامات کے رہنے والے ہیں۔
اس سلسلے میں ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (رورل) انوج چودھری نے بتایا کہ ٹائر پھٹنے کی وجہ سے ایک منی بس ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، جس سے سات عقیدت مند زخمی ہوگئے۔ ان میں سے چار عقیدت مند شدید زخمی ہوئے جنہیں سیفئی اسپتال بھیجا گیا ہے۔ باقی زخمیوں کو یہاں کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ تحقیقات جاری ہیں اور قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی