ڈبلیو پی ایل 2026: ہرمن پریت اور کیری کی شاندار اننگز سے ممبئی انڈینز کی گجرات جائنٹس پر شاندار جیت
نوی ممبئی، 14 جنوری (ہ س)۔ کپتان ہرمن پریت کور کی بہترین اننگز، امنجوت کور کے اہم تعاون اور آخر میں نکولا کیری کی تابڑ توڑ بلے بازی کی بدولت ممبئی انڈینز نے ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) 2026 کے چھٹے مقابلے میں گجرات جائنٹس کو 7 وکٹ سے ہرا کر س
کپتان ہرمن پریت کور


نوی ممبئی، 14 جنوری (ہ س)۔ کپتان ہرمن پریت کور کی بہترین اننگز، امنجوت کور کے اہم تعاون اور آخر میں نکولا کیری کی تابڑ توڑ بلے بازی کی بدولت ممبئی انڈینز نے ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) 2026 کے چھٹے مقابلے میں گجرات جائنٹس کو 7 وکٹ سے ہرا کر سیزن کی دوسری جیت درج کی۔ یہ مقابلہ منگل کو نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

193 رنوں کے چیلنجنگ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ممبئی انڈینز نے تحمل اور جارحیت کا شاندار توازن دکھایا۔ ہرمن پریت نے فاتحانہ چوکا لگا کر میچ کا اختتام کیا اور امنجوت و ہرمن پریت - دونوں ’کور‘ نے مضبوط بلے بازی کی قیادت کی۔

اس سے پہلے، ہرمن پریت کور نے ٹاس جیت کر گیند بازی کا انتخاب کیا۔ گجرات جائنٹس نے بلے بازی کرتے ہوئے تیز شروعات کی اور پاور پلے میں 01 وکٹ پر 62 رن بنا لیے۔ بیتھ مونی کو پہلے اوور میں شبنم اسماعیل کی گیند پر صفر پر جیون دان ملا، جس کا انہوں نے پورا فائدہ اٹھایا۔ سوفی ڈیوائن جلدی آوٹ ہو گئیں، لیکن نمبر تین پر آئی کنیکا آہوجا نے جارحانہ انداز میں رن بنائے۔

پاور پلے کے بعد امیلیا کیر نے مونی (33) کو آوٹ کر ممبئی کو راحت دلائی۔ ایشلی گارڈنر نے 11 گیندوں میں 20 رن جوڑے، جبکہ کنیکا آہوجا نے 18 گیندوں میں 35 رن کی تیز اننگز کھیلی۔ درمیانی اووروں میں ممبئی کی گیند بازی نے رنوں کی رفتار پر کچھ حد تک بریک لگائی۔

آخری اووروں میں میچ کا رخ پھر بدل گیا۔ 16ویں اوور میں آیوشی سونی کو ’ریٹائرڈ آوٹ‘ کرانے کا گجرات کا داو کامیاب رہا۔ بھارتی پھلمالی نے کریز پر آتے ہی دھماکہ خیز بلے بازی کی اور 15 گیندوں میں ناٹ آوٹ 36 رن ٹھوک دیے۔ جارجیا ویئرہم نے ناٹ آوٹ 43 رن بنائے۔ آخری پانچ اووروں میں 62 رن جوڑتے ہوئے گجرات نے 5 وکٹ پر 192 رن کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ ممبئی کی جانب سے شبنم اسماعیل، ہیلی میتھیوز، نکولا کیری اور امیلیا کیر کو ایک ایک وکٹ ملا۔

ہدف کا تعاقب کرنے اتری ممبئی کو شروعاتی جھٹکا لگا، جب جی کملنی 13 رن بنا کر آوٹ ہوئیں۔ ہیلی میتھیوز نے 12 گیندوں میں 22 رن کی تیز اننگز کھیلی، لیکن وہ بھی جلد آوٹ ہو گئیں۔ اس کے بعد امنجوت کور اور ہرمن پریت کور نے اننگز کو سنبھالا۔

نمبر تین پر اتری امنجوت کور نے 26 گیندوں میں 40 رن کی نڈر اننگز کھیلی۔ ہرمن پریت نے شروعات میں سنبھل کر کھیلتے ہوئے بعد میں گیئر بدلے۔ دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 72 رنوں کی اہم شراکت داری ہوئی۔ امنجوت کے آوٹ ہونے کے بعد بھی ممبئی کی پکڑ مضبوط بنی رہی۔

ہرمن پریت کور نے اس اننگز میں تین جیون دان کا فائدہ اٹھایا اور گجرات کے خلاف اپنی پانچویں نصف سنچری بنائی۔ اس کے ساتھ ہی وہ ڈبلیو پی ایل تاریخ میں 1000 رن پورے کرنے والی دوسری کھلاڑی بنیں۔ آخر میں نکولا کیری نے 23 گیندوں میں ناٹ آوٹ 38 رن بنا کر جیت یقینی کی۔ ہرمن پریت نے 43 گیندوں میں 71 رن (7 چوکے، 2 چھکے) بناتے ہوئے آخری اوور میں فاتحانہ چوکا لگایا اور ممبئی کو شاندار جیت دلائی۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande