
نئی دہلی، 14 جنوری (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ہم وطنوں کو مکر سنکرانتی کی نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ آج ملک بھر کے مقدس تالابوں، کنووں اور ندیوں میں ڈبکی لگانے کے لیے لوگوں کی بھیڑ لگی ہوئی ہے۔ بھگوان رام کے تپسیا کے مقام چترکوٹ کے مذہبی مقامات میں بھی لوگ مکر سنکرانتی کی پوجا کرنے سے پہلے اسنان کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج صبح وہاٹس ایپ پر پیغام لکھا، ’’سبھی ہم وطنوں کو مکر سنکرانتی کی بے حد نیک خواہشات۔ تل اور گڑ کی مٹھاس سے بھرا ہندوستانی ثقافت اور روایت کا یہ مقدس موقع ہر کسی کی زندگی میں خوشی، خوشحالی اور کامیابی لے کر آئے۔ سوریہ دیو سب کا بھلا کریں۔‘‘
مکر سنکرانتی پر چترکوٹ کے بھرت کوپ پر پانچ روزہ میلے کی شروعات ہو گئی ہے۔ چترکوٹ کے رام گھاٹ پر اسنان کرنے والوں کی بھیڑ صبح سے جمع ہے۔ بھرت کوپ پر پانچ تیرتھ مقامات کے مقدس پانی سے اسنان کی خاص اہمیت ہے۔ رام چرت مانس کے ایودھیا کانڈ کی چوپائی - ’’بھرت کوپ اب کہیہیں لوگا، اتی پاون تیرتھ جل یوگا۔ پریم سنیم نمجت پرانی، ہوئی ہیں ومل کرم من وانی‘‘ بھرت کوپ کی اہمیت کا احساس کراتی ہے۔
چترکوٹ پربھو شری رام بنواس دور میں آئے تھے۔ تبھی بھرت ایودھیا کے عوام کے ساتھ بھیا رام کو منانے یہاں تشریف لائے تھے۔ ساتھ میں تاجپوشی کے لیے تمام تیرتھ مقامات کا پانی بھی لے کر آئے تھے۔ بھگوان شری رام 14 سال بنواس کے لیے پرعزم تھے۔ ایودھیا واپس جانے اور تاجپوشی سے انکار کرنے پر بھرت مایوس ہو گئے تھے اور شری رام کے حکم پر سبھی تیرتھ مقامات کا پانی اور سامان کنویں میں چھوڑ دیا تھا۔ تب سے اس کنویں کا نام بھرت کوپ ہو گیا۔ مکر سنکرانتی پر منداکنی ساحل رام گھاٹ، سوریہ کنڈ، بھرت کوپ، والمیکی آشرم لالا پور، سائی پور، پالیشور ناتھ پہاڑی، منداکنی-جمنا سنگم مقام کنکوٹا، تلسی جائے پیدائش راجہ پور، پرانو بابا برگڑھ، شبری آبشار، مارکنڈے آشرم میں لوگ اسنان کے لیے جمع ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن