مدھیہ پردیش میں سردی کا اثر برقرار، لیکن کہرے سے ملی راحت، گوالیار-کٹنی سب سے سرد رہے
بھوپال، 14 جنوری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں شدید سردی کا سلسلہ جاری ہے، حالانکہ گزشتہ دنوں کے مقابلے میں کئی اضلاع کو گھنے کہرے سے راحت ملی ہے۔ زیادہ تر علاقوں میں موسم صاف ہے۔ بھنڈ، مرینا، شیوپور، دتیا، نیواڑی، ٹیکم گڑھ، چھترپور، پنا اور ستنا میں صبح
ایم پی موسم فائل فوٹو


بھوپال، 14 جنوری (ہ س)۔ مدھیہ پردیش میں شدید سردی کا سلسلہ جاری ہے، حالانکہ گزشتہ دنوں کے مقابلے میں کئی اضلاع کو گھنے کہرے سے راحت ملی ہے۔ زیادہ تر علاقوں میں موسم صاف ہے۔ بھنڈ، مرینا، شیوپور، دتیا، نیواڑی، ٹیکم گڑھ، چھترپور، پنا اور ستنا میں صبح کے وقت ہلکا سے درمیانہ کہرا دیکھا گیا۔ شمالی ہند سے آ رہی ٹھنڈی ہواوں کا اثر ریاست کے شمالی حصوں میں سب سے زیادہ محسوس کیا جا رہا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، آج بدھ کو ریاست کے زیادہ تر علاقوں میں آسمان صاف رہنے اور دھوپ کھلنے کا امکان ہے۔ بھوپال، اندور اور اجین سمیت بڑے شہروں میں دن میں راحت ضرور ملے گی، لیکن رات کا درجہ حرارت کم رہے گا۔ گوالیار-چمبل خطے کے ساتھ ساگر اور ریوا ڈویژن میں تیز سردی کا اثر ابھی جاری رہے گا۔

بدھ کی صبح گوالیار، بھنڈ، مرینا، شیوپور، دتیا، نیواڑی، ٹیکم گڑھ، چھترپور، پنا اور ستنا میں درمیانہ کہرا چھایا رہا۔ وہیں بھوپال، اندور، اجین، جبل پور، سیہور، شاجاپور، دیواس سمیت 15 سے زیادہ اضلاع میں حدِ نگاہ 2 سے 4 کلومیٹر کے درمیان رہی۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بدھ کو موسم پوری طرح خشک رہے گا اور اگلے چار دنوں تک یہی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔ آج ریاست کے کسی بھی حصے میں نہ تو ’سرد لہر‘ کا الرٹ ہے اور نہ ہی ’کولڈ ڈے‘ کی صورتحال۔

ریاست کے شمالی حصوں میں برفیلی ہواوں کے باعث درجہ حرارت کافی نیچے بنا ہوا ہے۔ منگل کی رات گوالیار، چھترپور کا نوگاوں اور کٹنی کا کرونڈی سب سے ٹھنڈے مقامات رہے۔ گوالیار میں کم از کم درجہ حرارت 6.5 ڈگری، کٹنی کے کرونڈی میں 4.7 ڈگری، ستنا کے چترکوٹ میں 5.3 ڈگری اور نوگاوں میں 5.5 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ کہرے کے سبب ریل ٹریفک بھی متاثر ہوا اور کئی ٹرینیں تاخیر سے چلیں۔ ریاست کے واحد ہل اسٹیشن پچمڑھی میں درجہ حرارت 5.8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ کھجوراہو میں 6 ڈگری، دتیا میں 6.2 ڈگری، منڈلا اور راج گڑھ میں 6.4 ڈگری اور ریوا میں 6.5 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت درج ہوا۔ وہیں بھوپال میں کم از کم درجہ حرارت 10.2 ڈگری، اندور میں 9.5 ڈگری، اجین میں 11 ڈگری اور جبل پور میں 9.5 ڈگری رہا۔

دن کے وقت بھی شمالی اور وسطی حصوں میں ٹھنڈ کا اثر دیکھا گیا۔ منگل کو گوالیار میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 24.3 ڈگری، دتیا میں 23.4 ڈگری اور شیوپور میں 23.2 ڈگری درج کیا گیا۔ پچمڑھی میں 21.8 ڈگری، کھجوراہو میں 23.4 ڈگری، نوگاوں میں 23.5 ڈگری، ریوا میں 22.4 ڈگری، سیدھی میں 23 ڈگری، ٹیکم گڑھ اور امریا میں 24 ڈگری اور ملاج کھنڈ میں 23 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت رہا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہمالیائی خطے میں 15 جنوری سے ایک مضبوط ’ویسٹرن ڈسٹربنس‘ سرگرم ہو رہا ہے۔ اس کے اثر سے مدھیہ پردیش میں دو سے تین دن بعد اثر دکھائی دے سکتا ہے۔ خاص طور پر ریاست کے شمالی حصوں میں ’ماوٹھا‘ (موسم سرما کی بارش) گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande