
کانپور، 13 جنوری (ہ س)۔ اترپردیش کے کانپور میں بلہوور تھانہ علاقے کے گڑھن پور علاقے میں ممنوعہ جانوروں کی باقیات ملنے کی اطلاع پر ہندو تنظیموں کے درجنوں لوگ موقع پر پہنچ گئے اور ہنگامہ شروع کر دیا۔ صورتحال خراب ہوتا دیکھ کر کئی تھانوں کی پولیس فورس کے ساتھ پی اے سی بھی تعینات کر دی گئی۔ موقع پر جوائنٹ پولیس کمشنر (لاء اینڈ آرڈر) آشوتوش کمار بھی پہنچے۔ انہوں نے لاپرواہی برتنے کے الزام میں تھانہ انچارج سمیت چار پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا۔
واقعہ پیر کی دیر رات کا ہے جب سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیو وائرل ہوئے جس میں یہ دعویٰ کیا گیا کہ گڑھن پور علاقے میں ایک کھیت میں بھاری مقدار میں ممنوعہ جانوروں کی باقیات ملی ہیں۔ اطلاع پر وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کے کارکنان موقع پر پہنچ کر نعرے بازی کرتے ہوئے ہنگامہ کرنے لگے۔ ہنگامے کی اطلاع پر کئی تھانوں کی فورس بھی موقع پر پہنچی لیکن مظاہرین ماننے کو تیار نہیں تھے۔ معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایک کمپنی پی اے سی بھی تعینات کر دی گئی ہے۔ ساتھ ہی ڈاکٹروں کو بلا کر باقیات کی جانچ کرائی گئی۔
پولیس کی ابتدائی جانچ میں سامنے آیا کہ قبرستان کی دیوار سے متصل شاکر کا کھیت ہے۔ اسی کھیت میں ٹین شیڈ کا گھیرا بنا کر باقیات کو رکھا گیا تھا۔ اسی کے پاس رحمان کا گودام ہے۔ جس میں بھی کچھ باقیات پائی گئی ہیں۔ لوگوں نے اس کے پیچھے پولیس کی ملی بھگت کا بھی الزام لگایا ہے۔
حالانکہ واقعے کے بعد سے ہی رحمان اور شاکر موقع سے فرار ہو گئے۔ جن کی تلاش کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔
بلہوور کے رکن اسمبلی راہل بچہ سونکر بھی موقع پر پہنچے۔ انہوں نے اس واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی جانچ کر کے اگلے 48 گھنٹوں کے اندر قصورواروں کو گرفتار کر کے ان کے گھروں پر بلڈوزر کی کارروائی کی جائے۔ ساتھ ہی انہوں نے بی جے پی، بجرنگ دل، وی ایچ پی اور آر ایس ایس کارکنان سے تعاون کی مانگ کی ہے۔
جوائنٹ پولیس کمشنر لاء اینڈ آرڈر آشوتوش کمار نے کہا کہ اس پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ ہوگی۔ جو بھی قصوروار ہے اس کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے گی۔ پولیس خود مدعی بن کر مقدمہ درج کرے گی۔ اس کے علاوہ بلہوور تھانے کی پولیس لاپرواہی بھی دیکھنے کو ملی ہے۔ جس کے باعث بلہوور تھانہ انچارج اشوک کمار سروج، قصبہ انچارج پریم ویر سنگھ، حلقہ انچارج آفتاب عالم اور ہیڈ کانسٹیبل دلیپ گنگوار کو معطل کر دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن