
دہرادون، 13 جنوری (ہ س)۔ اتراکھنڈ کے کماوں ڈویڑن کے باگیشور میں آج صبح 7 بج کر 25 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3.5 ریکارڈ کی گئی۔ صبح سویرے زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کے بعد لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق زلزلے کا مرکز باگیشور میں تھا۔ 10 کلومیٹر زیر زمین ہونے کی وجہ سے لوگوں نے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے۔ زلزلے کا اثر باگیشور سے 174 کلومیٹر دور رشیکیش اور 183 کلومیٹر دور ہریدوار تک محسوس کیا گیا۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹر اتھارٹی سے موصولہ اطلاع کے مطابق زلزلے کے بعد مقامی انتظامیہ کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ کچھ لوگوں نے زلزلے کے ساتھ گرج جیسی آواز سننے کی اطلاع دی۔ اس سے خوف مزید بڑھ گیا۔
انتظامیہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کم شدت کے زلزلے عام طور پر بے ضرر ہوتے ہیں تاہم پہاڑی علاقوں میں احتیاط ضروری ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خوفزدہ نہ ہوں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں مقامی حکام سے رابطہ کریں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی