چیف سکریٹری نے وندے ماترم کی 150ویں سالگرہ کی یادگاری تقریبات کے دوسرے مرحلے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
جموں, 13 جنوری (ہ س)جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری اٹل ڈلو نے ’وندے ماترم‘ کی 150ویں سالگرہ کی یادگاری تقریبات کے دوسرے مرحلے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ یہ تقریبات 19 جنوری سے 26 جنوری 2026 تک جموں و کشمیر بھر میں یومِ جمہوریہ کی تقریبات کے ساتھ منعقد ک
Vande


جموں, 13 جنوری (ہ س)جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری اٹل ڈلو نے ’وندے ماترم‘ کی 150ویں سالگرہ کی یادگاری تقریبات کے دوسرے مرحلے کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ یہ تقریبات 19 جنوری سے 26 جنوری 2026 تک جموں و کشمیر بھر میں یومِ جمہوریہ کی تقریبات کے ساتھ منعقد کی جائیں گی اور قومی سطح پر ہونے والے پروگراموں سے ہم آہنگ ہوں گی۔جائزہ اجلاس میں پرنسپل سکریٹری محکمہ ثقافت، کمشنر سکریٹری سیاحت، سکریٹری اسکول ایجوکیشن، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن سمیت متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی، جبکہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اجلاس میں شامل ہوئے۔

اجلاس کے دوران چیف سکریٹری نے فیز اول کے دوران تمام اضلاع کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسی مربوط کوشش کے نتیجے میں جموں و کشمیر نے ملک بھر میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور بڑے بڑے صوبوں کو بھی شرکت، وسعت اور مجموعی اثر کے لحاظ سے پیچھے چھوڑ دیا۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ اسکول و اعلیٰ تعلیم کی مشترکہ کاوشوں کی تعریف کی جنہوں نے حب الوطنی اور ثقافتی پروگراموں کے ذریعے وندے ماترم کی تاریخی، ثقافتی اور جذباتی اہمیت کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔

چیف سکریٹری نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی کہ فیز دوم میں بھی اسی جوش و جذبے کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ دوسرے مرحلے میں نوجوانوں، طلبہ اور سماجی گروپوں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ قومی فخر، اتحاد اور حب الوطنی کے جذبے کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔فیز دوم کے ایکشن پلان کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے مؤثر تشہیر، دستاویزات اور عوامی رابطہ مہم کی اہمیت پر زور دیا اور ہدایت دی کہ محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ (ڈی آئی پی آر) کے ذریعے منظم تشہیری مہم چلائی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومتِ ہند کے خصوصی پورٹل پر زیادہ سے زیادہ تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کرنے اور سرکاری سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مشترکہ ہیش ٹیگ کے استعمال پر بھی زور دیا گیا تاکہ قومی سطح پر بہتر نمایاں ہو سکے۔

قبل ازیں پرنسپل سکریٹری محکمہ ثقافت برج موہن شرما نے اجلاس کو فیز اول کی کامیاب تکمیل سے آگاہ کیا، جس میں تقریباً 1.22 کروڑ افراد نے شرکت کی۔ انہوں نے بتایا کہ شرکت کے لحاظ سے اتر پردیش 19.35 لاکھ شرکاء کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں میں ابھی نَو تھیٹر اور ایم اے اسٹیڈیم میں شاندار افتتاحی اور اختتامی تقاریب منعقد کی گئیں، جن میں 20 ہزار سے زائد طلبہ، فنکاروں اور شہریوں نے حصہ لیا اور اجتماعی طور پر وندے ماترم کی گائیکی اور حب الوطنی پر مبنی ثقافتی پروگرام پیش کیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ فیز۔دوم کے دوران تمام اضلاع میں وندے ماترم مشعل ریلیاں نکالی جائیں گی، تعلیمی اداروں، سرکاری دفاتر، پنچایت گھروں اور کمیونٹی مراکز میں اجتماعی گائیکی ہوگی، جبکہ یومِ جمہوریہ کی تمام تقریبات میں وندے ماترم کے موضوع کو شامل کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مضمون نویسی، پوسٹر سازی اور مباحثہ مقابلے، وندے ماترم نمائشیں اور یوتھ میراتھن جیسے خصوصی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ بالخصوص نوجوانوں میں بیداری اور شمولیت کو فروغ دیا جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر چیف سکریٹری نے اس بات پر زور دیا کہ وندے ماترم کی 150ویں سالگرہ کو محض تقریبات کے سلسلے کے طور پر نہیں بلکہ عوامی تحریک کے طور پر منایا جائے، تاکہ شہریوں کو آزادی، اتحاد اور قومی وقار کے نظریات سے دوبارہ جوڑا جا سکے۔ انہوں نے تمام محکموں سے اپیل کی کہ فیز دوم کی تقریبات کو بامعنی، ہمہ گیر اور یادگار بنانے کے لیے پوری لگن اور عزم کے ساتھ کام کریں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande