
حیدرآباد، 12 ۔ جنوری (ہ س)۔وزیراعلی تلنگانہ ریونت ریڈی نے سکریٹریٹ میں تلنگانہ گزٹیڈ آفیسرس سنٹرل اسوسی ایشن کی ڈائری اور کیلنڈر 2026 کی رسم اجراء انجام دی اور اس موقع پر سرکاری ملازمین کے لئے بیشترفلاحی اقدامات کا اعلان کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سرکاری ملازمین اور عوام کو سنکرانتی کی مبارکباد دی اور ان الزامات کو مسترد کر دیا کہ اسوسی ایشن کے قائدین حکومت کے ساتھ ساز باز کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور اس کے ملازمین ایک ہی خاندان کا حصہ ہیں اور تقریباً 10.5 لاکھ ملازمین انتظامیہ میں برابر کے شراکت دار ہیں۔ریاست کی مالی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت 8 لاکھ کروڑ روپے کا قرض چھوڑ گئی ہے جس کی وجہ سے حکومت کو ماہانہ 18,000 کروڑ روپے کی آمدنی کے مقابلہ میں قرض کی ادائیگی کے لئے 22,000 کروڑ روپے خرچ کرنے پڑ رہے ہیں۔ان چیلنجس کے باوجود حکومت ملازمین کے ساتھ مل کر آگے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے سنکرانتی کے تحفہ کے طور پر ملازمین کے لئے مہنگائی بھتہ(ڈی اے) کی منظوری کی فائل پر دستخط کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے ملازمین کے لئے ایک کروڑ روپے کے ایکسیڈنٹ انشورنس اور مکمل صحت کے تحفظ فراہم کرنے کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔ اس کے علاوہ، اضلاع اور منڈلوں کی معقولیت کا جائزہ لینے کے لئے ریٹائرڈ جج کی قیادت میں ایک کمیشن تشکیل دینے کا اعلان کیا جو عوامی تجاویز کی روشنی میں اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔ریونت ریڈی نے گزٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کے دفتر کی تعمیر میں تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت ملازمین کے مسائل حل کرنے کے لئے ہمیشہ تیار ہے۔ تقریب میں ایم پی انیل کمار یادو، ایم ایل اے راج ٹھاکر اور اسوسی ایشن کے قائدین نے شرکت کی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق