
میلان، 12 جنوری (ہ س)۔ میلان کے سان سیرو اسٹیڈیم میں سیری اے کے اعلی مقابلے میں دفاعی چیمپئن نپولی نے شاندار جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیگ لیڈر انٹر میلان کے خلاف 2-2 سے ڈرا حاصل کیا۔ نپولی کے لیے دونوں گول اسکاٹ میک ٹومینے نے کیے جبکہ ہیڈ کوچ انتونیو کونٹے کو ریفری سے بحث کرنے پر ریڈ کارڈ کا سامنا کرنا پڑا۔
اس ڈرا کے ساتھ ہی انٹر میلان کے 43 پوائنٹس ہیں اور وہ ٹیبل میں سرفہرست ہے۔ دوسرے نمبر پر موجوداے سی میلان کے 40 پوائنٹس ہیں،جس نے اس سے قبل فیورینٹینا کے ساتھ 1-1 سے ڈرا کھیلا تھا۔ نپولی 39 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے اورخطاب کی دوڑ میں برقرار ہے۔
نپولی نے میچ کے شروع میں ہی دباؤ ڈالا لیکن انٹر نے نویں منٹ میں برتری حاصل کر لی۔ مڈفیلڈ میں گیند کو کھونے کے بعد، مارکس تھورام گیند کو لے کر آگے بڑھے اور باکس میں فیڈریکو ڈیمارکو پاس دیا، جنہوں نے تیز زاویہ سے شاٹ لگا کر گیند کو دور کونے میں پہنچا دیا۔
انٹر نے اس کے بعد ہائی پریشر شروع کیا اور نپولی کو طویل عرصے تک اپنےہاف میں روکے رکھا۔ تاہم 26ویں منٹ میں نپولی نے اچانک گول کر کے برابر کر دیا۔ لیونارڈو اسپیناتزولا کے پاس پر ایلجیف ایلماس باکس میں پہنچے اور ان کی لو کراس کو میک ٹومینے نے قریبی پوسٹ پر مینوئل اکانجی سے آگے نکلتے ہوئے یان سومر کو ڈاج دے کر گول میں تبدیل کر دیا۔
ہاف ٹائم سے عین قبل تھورام کا ہیڈر گول کیپر وانیا ملنکووچ-سیوک نے ٹپ کر دیا اور دونوں ٹیمیں 1-1 سے برابری پر بریک پر پہنچیں۔
دوسرے ہاف میں نپولی کے پاس برتری حاصل کرنے کے امکانات آئے۔ ملنکووچ-سیوک کی لمبی کلیئرنس پرراسمس ہولنڈ گول کی جانب بڑھے لیکن ان کا شاٹ معمولی فرق سے باہر چلا گیا۔ وہیں، اسپیناتزولا کے کراس سے کپتان جیوانی ڈی لورینزو کا ہیڈر بھی ہدف سے چوک گیا۔
نپولی نے ان گنوائے گئے مواقع کی قیمت اس وقت ادا کی جب انٹر کو پنالٹی سے نوازا گیا۔ امیر رحمانی کے ہینریک میختاریان پر فاؤل کرنے کے بعد دیےگئے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کرنے پر نپولی کے کوچ انتونیو کونٹے کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔ 73ویں منٹ میں ہاکان چالہانو اوغلو نے پنالٹی کو پوسٹ پر لگا کر گول کر دیا اور انٹر نے پھر 2-1 سے برتری حاصل کر لی۔
لیکن نپولی نے ہار نہیں مانی۔میچ کے81 ویں منٹ میں،میٹیو پولیتانوکے فلوٹیڈ کراس کو نووا لینگ نے بائی لائن سے میدان میں واپس کیا اورمیک ٹومینے نے چھ گز کے باکس کے کنارے سے ایک شاندار والی گول کر کے اسے 2-2 کر دیا۔
اضافی وقت میں مخیتاریان کاڈیفلیکٹڈ شاٹ پوسٹ سے ٹکراکر واپس آیا، جس نے انٹر کو لگاتار ساتویں لیگ جیتنے سے محروم کر دیا۔
اسکاٹ میک ٹومینے کی شاندار کارکردگی نے نپولی کو سان سیرو میں ایک اہم مقام حاصل کرنے اور سیری اے خطابی ریس کو مزید دلچسپ بنانے میں مدد کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد