
سابق میئر پیڈنیکر کی امیدواری پر قانونی تنازع ، ایف آئی آرز ظاہر نہ کرنے کا سنگین الزام
ممبئی،
12 جنوری(ہ س)۔
بریہن ممبئی میونسپل کارپوریشن انتخابات سے عین
قبل سیاسی درجۂ حرارت اس وقت مزید بڑھ گیا جب شیوسینا کی ایک ترجمان نے سابق میئر
کِشوری پیڈنیکر کی نامزدگی کو عدالت میں چیلنج کر دیا۔ یہ عرضی بمبئی ہائی کورٹ میں
داخل کی گئی، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ پیڈنیکر نے اپنے کاغذاتِ نامزدگی کے
ساتھ جمع کرائے گئے حلف نامے میں اپنے خلاف درج متعدد ایف آئی آرز کی تفصیلات ظاہر
نہیں کیں۔
یہ
درخواست شیوسینا شندے کی قیادت والی) کی ترجمان سوسی شاہ کی جانب سے پیر کے روز پیش
کی گئی۔ انہوں نے چیف جسٹس شری چندرشیکھر اور جسٹس گوتم انکھڈ پر مشتمل بنچ کے
سامنے معاملے کی فوری سماعت کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ انتخابی شفافیت
سے جڑا ہوا ہے۔
عدالت
نے تاہم فوری سماعت کی استدعا مسترد کر دی۔ بنچ نے رائے دی کہ 15 جنوری کو ہونے
والے بلدیاتی انتخابات میں اب چند دن ہی باقی ہیں اور انتخابی عمل اپنے آخری مرحلے
میں داخل ہو چکا ہے، لہٰذا اس عرضی پر سماعت انتخابات مکمل ہونے کے بعد کی جائے گی۔
کِشوری
پیڈنیکر نے وسطی ممبئی کے وارڈ نمبر 199 سے بی ایم سی انتخابات کے لیے پرچۂ
نامزدگی داخل کیا ہے۔ ان کی نامزدگی پر اٹھا تنازع شیوسینا کی تقسیم کے بعد دونوں
دھڑوں کے درمیان جاری سیاسی محاذ آرائی کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔
درخواست،
جو ایڈووکیٹ کلپیش جوشی کے ذریعے دائر کی گئی، میں ریٹرننگ آفیسر کو ہدایت دینے کی
اپیل کی گئی ہے کہ پیڈنیکر کے نامزدگی فارم کو غیر قانونی اور ناقابلِ قبول قرار
دے کر مسترد کیا جائے۔ درخواست میں الزام ہے کہ پیڈنیکر نے جان بوجھ کر حلف نامے میں
مادی حقائق چھپائے۔درخواست
گزار کے مطابق، پیڈنیکر نے اپنے خلاف درج سنگین نوعیت کے کئی فوجداری مقدمات اور ایف
آئی آرز کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں، جن میں کووڈ وبا کے دوران مبینہ مالی بدعنوانی
اور دھوکہ دہی سے متعلق ایک معاملہ بھی شامل ہے۔
عرضی میں
یہ بھی کہا گیا ہے کہ پیڈنیکر نے بطور میئر اپنے دورِ کار میں ممبئی کے مختلف پولیس
تھانوں میں درج کم از کم پانچ ایف آئی آرز کی معلومات پوشیدہ رکھیں، جو انتخابی
قوانین کے تحت لازمی انکشافات کی خلاف ورزی اور انتخابی عمل کے غلط استعمال کے
مترادف ہے۔
ہندوستھان
سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے