
گڑھوا، 12 جنوری (ہ س)۔ گڑھوا تھانہ علاقہ کے بیلچمپا گاؤں کے قریب اتوار کی رات ایک نامعلوم ہائیوا کی زد میں آکر اسکارپیو میں سوار ایک ہی خاندان کے چار نوجوانوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ اسکارپیوکے پرخچے اڑ گئے اور لاش گاڑی میں بری طرح پھنس گئی۔
مرنے والوں کی شناخت پلامو ضلع کے پانڈو تھانہ علاقے کے لور پانڈو گاوں کے رہائشی نریندر کمار پاسوان (30) ولد لکھن پاسوان، جتیندر پاسوان (28) ولد شمبھو پاسوان، وشرام پور تھانہ علاقہ کے بھنڈار گاوں بادل پاسوان (20) ولد منوج پاسوان اور وکی کمار ولد اشوک (8) کے طور پر ہوئی ہے۔ چاروں آپس میں قریبی رشتہ دار تھے۔
اطلاعات کے مطابق، نوجوان اسکارپیو میں شری بنشی دھر نگر تھانہ علاقے کے بلاس پور گاؤں گئے تھے، جہاں جتیندر پاسوان کی ماموزادبہن کی منگنی تھی۔ تقریب سے دیر رات واپس آتے وقت بیل چمپا گاؤں کے قریب ایک تیز رفتارہائیوا نے ان کو ٹکر مار دی۔ ٹکر کے بعد اسکارپیو کے پرخچے اڑ گئے جبکہ ہائیوا ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی گڑھوا تھانہ پولیس موقع پر پہنچی۔ کافی کوشش کے بعد گاڑی کو کٹر سے کاٹا گیا اور چاروں لاشوں کو نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے گڑھوا صدر اسپتال بھیج دیا گیا۔ اسپتال پہنچنے پر لواحقین کا رو رو کر برا حال ہے ۔ جوان بیٹوں کی لاشیں دیکھ کر پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔
حادثے سے مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گڑھوا ریہالہ روڈ پر رات کے وقت ہائیوا اور دیگر بھاری گاڑیوں کا تیز رفتاری سے چلنا معمول بن گیا ہے۔ متعدد شکایات کے باوجود کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کی گئی۔ پولیس نے کہا کہ وہ نامعلوم ٹرک کی تلاش کر رہے ہیں اور قریب میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی بنیاد پر ڈرائیور کی شناخت کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد