مرکز تعلیم بالغاں، مسلسل تعلیم و توسیع پر قومی ورکشاپ کا اہتمام
علی گڑھ، 12 جنوری(ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مرکز تعلیم بالغاں، مسلسل تعلیم و توسیع (سی سی اے ای ای) کے زیر اہتمام بھارت گیان وگیان سمیتی کے اشتراک سے مسلسل تعلیم پر دو روزہ قومی ورکشاپ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی جس میں ملک میں مسلسل تعلیم کے
مرکز تعلیم بالغاں، مسلسل تعلیم و توسیع


علی گڑھ، 12 جنوری(ہ س)۔

علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مرکز تعلیم بالغاں، مسلسل تعلیم و توسیع (سی سی اے ای ای) کے زیر اہتمام بھارت گیان وگیان سمیتی کے اشتراک سے مسلسل تعلیم پر دو روزہ قومی ورکشاپ کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی جس میں ملک میں مسلسل تعلیم کے نظام میں ہمہ گیر اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اختتامی اجلاس سے خطاب کرنے والے مقررین نے کہا کہ تیز رفتار سماجی، معاشی اور تکنیکی تبدیلیوں کے تناظر میں مسلسل تعلیم کو عصری تقاضوں کے مطابق ازسرِنو ترتیب دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسلسل تعلیم کا مقصد محض اسناد اور ڈگریوں تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ خصوصاً دیہی اور پسماندہ طبقات میں عمر بھر سیکھنے کے عمل کو فروغ دینا چاہئے۔ اے ایم یو کے سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی تعلیمی پالیسی نے تعلیمِ بالغاں اور مسلسل تعلیم کو ایک نئی سمت فراہم کی ہے۔ انہوں نے تعلیمی سرگرمیوں کو نچلی سطح تک مؤثر طور پر پہنچانے اور معاشرے کے تمام طبقات کو بااختیار بنانے کے لیے یونیورسٹیوں اور سماجی تنظیموں کے مابین تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

ورکشاپ کے دوسرے دن کی صدارت پروفیسر وجیا نے کی، جس میں کمیونٹی ایجوکیشن مراکز، عوامی مطالعہ گاہوں اور کتب خانوں، تعلیم بالغاں، صحت اور مباحثہ کے فورمز سے متعلق سیشن منعقد ہوئے۔ مسٹر بھولا ناتھ رام، یوگیندر کمار گپتا، ڈاکٹر شیش پال، تیج رام، سریندر پرساد ٹھاکر، ستیہ وان پُنڈیر، وجے پٹیل اور وشوناتھ سنگھ نے بطور ریسورس پرسن حاضرین سے خطاب کیا۔ بھارت گیان وگیان سمیتی کی قومی نائب صدر محترمہ آشا مشرا اور ڈاکٹر کاشی ناتھ چٹرجی نے بتایا کہ منتخب پنچایتوں میں مسلسل تعلیم کے مراکز کے قیام، ناخواندہ افراد اور اسکول سے باہر بچوں کی نشاندہی کے لیے سروے کرانے اور مقامی کمیٹیاں تشکیل دینے کی خاطر ایک عملی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت آئندہ تین برسوں میں 14 ریاستوں کی 2,500 سے زائد پنچایتوں تک مسلسل تعلیم کے مراکز کو وسعت دی جائے گی۔ اختتامی اجلاس میں ایڈیشنل ضلع و سیشن جج مسٹر نول کشور سنگھ، سینئر ایڈوکیٹ پردیپ راجپوت، سمیتی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر او پی بھوریٹھا، نائب صدر ڈاکٹر کاشی ناتھ چٹرجی اور محترمہ آشا مشرا بھی موجود تھے۔ ورکشاپ کے شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ آخر میں سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شمیم اختر نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔

ہندوستھان س،اچار

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande