
ممبئی، 11 جنوری (ہ س)۔ شیوسینا یو بی ٹی کے سابق رکن اسمبلی دگڑو سکپال نے اتوار کے روز شندے گروپ کی شیوسینا میں شمولیت اختیار کر لی، جس سے جنوبی ممبئی کی سیاست میں ایک اہم تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ اس پیش رفت کو یو بی ٹی قیادت کے لیے بڑا سیاسی نقصان مانا جا رہا ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق، دگڑو سکپال طویل عرصے سے شیوسینا یو بی ٹی سے وابستہ تھے اور لالباغ، پریل سمیت جنوبی ممبئی کے کئی علاقوں میں ان کی مضبوط گرفت رہی ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے لیے انہوں نے اپنی بیٹی کے لیے ٹکٹ کی درخواست کی تھی، لیکن پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ دیے جانے پر وہ ناراض ہو گئے تھے۔اسی ناراضگی کے پس منظر میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے سکپال سے ملاقات کی اور بات چیت کے بعد وہ شندے گروپ میں شامل ہو گئے۔شمولیت کے بعد ایکناتھ شندے نے کہا کہ دگڑو سکپال شیوسینا کے پرانے اور مخلص کارکن ہیں، جنہوں نے ممبئی بالخصوص جنوبی ممبئی میں پارٹی کو کھڑا کرنے اور وسعت دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان کی شمولیت سے شیوسینا کو بڑی تقویت حاصل ہوئی ہے اور یہ پارٹی کے لیے ایک خوش آئند قدم ہے۔اس موقع پر دگڑو سکپال نے کہا کہ جس سیاسی جماعت کے ساتھ انہوں نے اپنی زندگی کے کئی سال گزارے، اسے چھوڑنا ان کے لیے جذباتی طور پر انتہائی مشکل فیصلہ تھا اور انہوں نے یہ فیصلہ نہایت کرب کے ساتھ لیا ہے۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے