ادبی مرکز خیابانِ ادب علی گڑھ میں پُروقار تقریبِ رونمائی منعقد
علی گڑھ, 11 جنوری (ہ س)۔ ادبی مرکز ’خیابانِ ادب‘علی گڑھ میں ایک پروقار تقریب میں آج ممتاز نقاد اور ماہر تعلیم پروفیسر صغیر افراہیم کی تصنیف ’پریم چند ایک نقیب‘ اور سہ ماہی مجلہ ’سیما‘ کے تازہ شمارے کا اجرا عمل میں آیا۔ اس تقریب میں شہر کی مقتد
اجرا کرتے ہوئے


علی گڑھ, 11 جنوری (ہ س)۔

ادبی مرکز ’خیابانِ ادب‘علی گڑھ میں ایک پروقار تقریب میں آج ممتاز نقاد اور ماہر تعلیم پروفیسر صغیر افراہیم کی تصنیف ’پریم چند ایک نقیب‘ اور سہ ماہی مجلہ ’سیما‘ کے تازہ شمارے کا اجرا عمل میں آیا۔ اس تقریب میں شہر کی مقتدر ادبی شخصیات، دانشوروں اور اساتذہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف ادیب پریم کمار نے کہاکہ پروفیسر صغیر افراہیم نے دورانِ ملازمت ادب کی جو گراں قدر خدمات انجام دیں وہ سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہیں۔

ریٹائرمنٹ کے بعد بھی ان کا علمی سفر تھما نہیں ہے، بلکہ وہ جس تندہی سے لکھنے پڑھنے اور ’سیما‘ کی ادارت میں مصروف ہیں، وہ قابلِ ستائش اور دوسروں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔اس موقع پر معروف افسانہ نگار پروفیسر طارق چھتاری نے سیما کے مدیر اور معاون مدیر کو مبارکباد پیش کی کہ وہ اس مجلہ کے ذریعہ ادبی خدمات کو مسلسل انجام دے رہے ہیں۔سابق صدر شعبہ ہندی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی پروفیسر عبدالعلیم نے پریم چند کے تعلق سے پروفیسر صغیر افراہیم کی مذکورہ تصنیف تفصیلی گفتگو کی۔

ممتاز صحافی محمد احمد شیون نے کہا کہ صغیر افراہیم صاحب کی قائم کردہ خیابانِ ادب لائبریری اردوزبان و ادب سے وابستگی رکھنے والوں کے لئے ایک تحفہ ہے جس کی ذریعہ اردو ہندی کی بیش قیمتی کتب تشنگانِ علم و ادب کی آبیاری کر رہی ہے اور اس دارالمطالعہ کے بہتر انتظامات انکی علم دوستی کابین ثبوت ہے۔غورطلب ہے کہ ادبی مجلہ سیما جنت مکانی پروفیسر سیما صغیر صاحبہ کی یاد میں جاری کیا گیا تھا آج اسکے 16ویں شمارے کی رسمِ رونمائی ادا کی گئی۔

اس خصوصی شمارے کی انفرادیت اس میں شامل تین اہم مقتدر شخصیات پر مبنی گوشے ہیں جن میں ہندی کے ممتاز قلمکار اور شاعر کیدار ناتھ اگروال،ہر دلعزیز ادبی شخصیت مہر الہی ندیم اورمعروف ادیبہ محترمہ شہناز کنول شامل ہیں۔میزبان پروفیسر صغیر افراہیم نے تمام مہمانانِ گرامی کا تعارف کرایا اور دونوں کتابوں کے پسِ منظر و مندرجات پر سیر حاصل گفتگو کی۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض ممتاز شاعر ڈاکٹر مجیب شہزر نے نہایت احسن طریقے سے انجام دیے۔اس موقع پر پروفیسر عفت آراء،پروفیسر کفیل احمدقاسمی،ڈاکٹر وصی بیگ،ممتاز شاعر عالم خورشید، طارق عثمانی،ثنا فاطمہ، ڈاکٹر سید بصیر الحسن وفا نقوی،محمد کامران، عرفان انصاری، انجینئر عادل فراز، ممتاز شاعرفراز مجیب، محمد آصف صدیقی،افضل بیگ، انم فاطمہ، ڈاکٹر کمال احمد مجیبی اور مینیجر محمد نعیم سمیت شہر اور یونیورسٹی کی علمی و ادبی شخصیات نے شرکت کی۔۔۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande