
بارہ بنکی، 11 جنوری (ہ س)۔ رام نگر تھانہ علاقہ میں، ایک بیمار باپ کو زمین کے تنازعہ کے دوران اپنے بیٹے کی پٹائی کو دیکھ کر دل کا دورہ پڑا، جس کے نتیجے میں ہفتہ کو اس کی موت ہوگئی۔ زخمی بیٹا بھی اتوار کو ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ لواحقین کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
رام نگر پولیس اسٹیشن کے انچارج انیل کمار پانڈے نے اتوار کو بتایا کہ اماری گاؤں کے چیترام اور وشال یادو کے درمیان جمعہ کی رات آٹھ بجے زمین کے تنازعہ پر جھگڑا ہوا۔ جھگڑے کے دوران وشال یادو نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ چیترام کو لاٹھیوں سے مارنا شروع کردیا۔ جھگڑے میں اپنے بیٹے کو شدید زخمی دیکھ کر بیمار رام ناتھ کو دل کا دورہ پڑا۔ اہل خانہ نے فوری طور پر چیترام اور اس کے والد رام ناتھ کو اسپتال پہنچایا، جہاں ہفتہ کو رام ناتھ کی موت ہوگئی۔ اتوار کو چیترام کی حالت مزید بگڑ گئی اور اسے بارہ بنکی ضلع اسپتال ریفر کیا گیا، جہاں علاج کے دوران اس کی بھی موت ہوگئی۔
اسٹیشن انچارج نے بتایا کہ حملہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی۔ متاثرہ کے خاندان کی شکایت کی بنیاد پر ایک ہی گاؤں کے تین ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس باقی کی تلاش کر رہی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی