
گیا (بہار)،11جنوری(ہ س)۔گیا شہر کے مسلم اکثریتی علاقہ نیو کریم گنج، وارڈ نمبر 26 میں آج بہار اسمبلی کے اسپیکر جناب ڈاکٹر پریم کمار کے اعزاز میں ایک عظیم الشان اور پ±رشکوہ استقبالیہ پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر علاقے کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے اسپیکر موصوف کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور ان کی عوامی خدمات کو خوب سراہا۔اس استقبالیہ تقریب میں جناب محمد ترغیب عالم انصاری—جو کہ جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کے سرگرم، متحرک اور عوامی کارک±ن ہونے کے ساتھ ساتھ بہار پردیش راجنیتیک صلاح کار سمیتی کے رکن بھی ہیں—نے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے نہ صرف اسپیکر ڈاکٹر پریم کمار کا گرمجوشی سے استقبال کیا بلکہ انہیں عوام سے متعارف کراتے ہوئے جنتا دل یونائیٹڈ کی پالیسیوں اور اقلیتی فلاحی اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر پریم کمار نے مسلم اکثریتی علاقے میں ملنے والی محبت، اپنائیت اور اعتماد پر اظہارِ تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہار کی ترقی تبھی ممکن ہے جب تمام طبقات، خصوصاً اقلیتوں کو ساتھ لے کر چلا جائے۔ انہوں نے مسلمانوں کے درمیان کھڑے ہو کر خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ بہار اسمبلی اور ریاستی حکومت ہر طبقے کے حقوق، عزت اور ترقی کے لیے یکساں طور پر سنجیدہ ہے۔
اس موقع پر جناب محمد ترغیب عالم انصاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ “جنتا دل یونائیٹڈ ایک ایسی پارٹی ہے جو شروع سے ہی مسلمانوں اور تمام اقلیتوں کی خیرخواہ رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ جناب نتیش کمار پر جس اعتماد کا اظہار مسلمانوں نے کیا ہے، آج وہ اعتماد عزت، تحفظ اور ترقی کی شکل میں واپس مل رہا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ جنتا دل یونائیٹڈ کے تمام قائدین اور نمائندے اقلیتی مسائل کے تئیں حساس ہیں اور عملی طور پر ان کے حل کے لیے کوشاں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج مسلم اکثریتی علاقے میں بہار اسمبلی کے اسپیکر کا شاندار استقبال اس باہمی اعتماد کی زندہ مثال ہے۔اس استقبالیہ تقریب کا اہتمام جناب آمو ملک، جناب قیصر عالم، جناب آصف احسن اور جناب سرفراز علی کی جانب سے کیا گیا تھا۔ پروگرام میں شہر کے معززین، سماجی شخصیات، نوجوانان اور بزرگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے تقریب ایک یادگار عوامی اجتماع میں تبدیل ہوگئی۔آخر میں شرکائے تقریب نے اس امید کا اظہار کیا کہ بہار میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، باہمی اعتماد اور ترقی کا یہ سفر آئندہ بھی اسی طرح جاری رہے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais