
پٹنہ،11جنوری(ہ س)۔ حکومت بہارکے سابق وزیر اور جن شکتی جنتا دل (جے جے ڈی) کے قومی صدر تیج پرتاپ یادو نے پارٹی کی سیاسی توسیع کو لے کر بڑا بیان کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جے جے ڈی آنے والے دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات اور مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں امیدوار کھڑا کرے گی۔ تیج پرتاپ یادو نے کہا کہ جے جے ڈی اب صرف بہار کی سیاست تک محدود نہیں رہے گی بلکہ قومی سطح پر ایک مضبوط متبادل سیاسی قوت کے طور پر ابھرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کو دہلی اور مغربی بنگال سمیت کئی ریاستوں میں عوامی حمایت حاصل ہے۔تیج پرتاپ نے کہا کہ دہلی اور بنگال میں نچلی سطح پر پارٹی کی تنظیم کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔ الیکشن لڑنے والے امیدواروں کے ناموں کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عام لوگوں سے متعلق مسائل جیسے کہ بے روزگاری، مہنگائی، تعلیم، صحت اور سماجی انصاف کو اپنے انتخابی ایجنڈے کے مرکز میں رکھے گی۔ سابق ایم ایل اے تیج پرتاپ یادو نے موجودہ حکومتوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی پالیسیوں سے عام لوگ پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ایک نئے سیاسی متبادل کی ضرورت ہےاور جے ڈی جے ڈی اس کردار کو ادا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔تیج پرتاپ یادو نے نوجوانوں، کسانوں اور مزدوروں سے پارٹی میں شامل ہونے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ جے جے ڈی سماجی انصاف، مساوی مواقع اور مفاد عامہ کے مسائل کے لیے بھرپور طریقے سے لڑے گی۔ تیج پرتاپ یادو کا یہ اعلان ایسے وقت میں آیا ہے جب کئی علاقائی پارٹیاں قومی سطح پر اپنی موجودگی قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ایم سی ڈی اور مغربی بنگال کے انتخابات لڑنے کے فیصلے کو جے ڈی جے ڈی کی طرف سے قومی سیاست میں فعال کردار ادا کرنے کی حکمت عملی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ مغربی بنگال اسمبلی کے انتخابات اس سال اپریل سے مئی میں ہونے والے ہیں۔ اصل مقابلہ ممتا بنرجی کی ترنمول کانگریس پارٹی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان ہے۔ حالانکہ کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتیں بھی مقابلہ کو سہ رخی بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan