
علی گڑھ, 10 جنوری (ہ س)۔
اے ایم یو کے سبکدوش ملازمین کی فلاح و بہبود کے تئیں یونیورسٹی کے پائیدار عزم کی توثیق کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے سلیکشن کمیٹی روم میں اے ایم یو کے نو تیار شدہ پنشنرز پورٹل کا افتتاح کیا۔ اس جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو ایک محفوظ، مؤثر اور صارف دوست نظام کے طور پر تیار کیا گیا ہے، تاکہ پنشنرز اپنے گھروں میں رہتے ہوئے بآسانی اہم خدمات اور معلومات تک رسائی حاصل کر سکیں۔
یہ پورٹل اے ایم یو کی سمرتھ ٹیکنیکل ٹیم نے پروفیسر ایم این فاروقی کمپیوٹر سنٹر (پی ایم این ایف سی سی) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر پرویز محمود خاں کی نگرانی میں تیار کیا ہے۔ اس کا مقصد پنشن سے متعلق امور کو منظم بنانا، شفافیت میں اضافہ کرنا اور طریقہ کار میں تاخیر کو نمایاں طور پر کم کرنا ہے، تاکہ سبکدوش ملازمین کی سہولت اور اعتماد میں اضافہ ہو جنہوں نے ادارے کی خدمت میں دہائیاں صرف کی ہیں۔
اپنے خطاب میں پروفیسر نعیمہ خاتون نے نظم و نسق اور فلاحی خدمات کی فراہمی میں ڈیجیٹل تبدیلی کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے تکنیکی ٹیم کی کوششوں کی ستائش کی اور کہا کہ یہ اقدام اے ایم یو کے شمولیتی ای گوورننس کے نقطہ نظر کی عکاسی کرتا ہے، جس کے تحت سبکدوش ملازمین کو ٹکنالوجی پر مبنی حل کے ذریعے جڑے رہنے، معاونت حاصل کرنے اور اختیار دہی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب میں یونیورسٹی کے سینئر عہدیداران بشمول پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان، رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر، فنانس آفیسر مسٹر نور السلام، ڈائرکٹر سرسید اکیڈمی پروفیسر شافع قدوائی اور کمپیوٹر سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر پرویز محمود خاں موجود تھے۔ اس کے علاوہ سمرتھ سپورٹ ٹیم کے اراکین مسٹر ملک حیات ہاشمی، مسٹر محمد عاطف کلیم اور مسٹر فراز احمد بھی موجود تھے جنہوں نے پورٹل کی تیاری میں مدد کی۔
جدید پنشنرز پورٹل https://pp.amu.ac.in میں بہتر سیکیورٹی خصوصیات، آسان لاگ اِن اور سہل نیویگیشن فراہم ہے۔ یہ اقدام جدید ڈیجیٹل ڈھانچے کے ذریعے سبکدوش ملازمین کو مؤثر خدمات اور مسلسل نگہداشت کی اے ایم یو کی جاری کوششوں میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ