
نئی دہلی، 10 جنوری (ہ س)۔ نوجوانوں کے امور اور کھیل -کود اور محنت و روزگار کے مرکزی وزیر منسکھ مانڈویا نے ہفتہ کو نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقد’وکست بھارت -ینگ لیڈرس ڈائیلاگ‘ کی افتتاحی تقریب میں ملک کے نوجوانوں سے خطاب کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نوجوانوں سے ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کی ذمہ داری لینے کی اپیل کی۔
اپنے خطاب میں مرکزی وزیر مانڈویا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا خواب ہے کہ ملک کے 140کروڑ شہری مل کر’وکست بھارت‘کے ہدف کو حاصل کریں، جس میں نوجوانوں کا رول سب سے اہم ہوگا۔ انہوں نے کہا،’’آپ ملک کا مستقبل ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے وکست بھارت کی تعمیر کی ذمہ داری نوجوانوں کو سونپی ہے۔ یوم آزادی پر لال قلعہ سے انہوں نے واضح طور پر کہاتھا کہ وکست بھارت کی تعمیر صرف حکومت نہیں، بلکہ ملک کے تمام140کروڑ شہری مل کر کریں گے اور نوجوان اس میںمشعل بردار ہوں گے۔‘‘
مانڈویا نے نوجوانوں سے قومی تعمیر میں فعال کردار ادا کرنے اور اپنی مہارت، توانائی اور اختراع کے ذریعے ملک کو نئی بلندیوں پر لے جانے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ ’’آپ جیسے نوجوان ملک کا مستقبل ہیں‘‘۔ ہمیں ’وکست بھارت ‘ کا راہی اپنے ملک کے نوجوانوں کو بنانا ہے۔
تقریب میں قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے بھی نوجوانوں سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی بے پناہ قربانیوں کی قیمت پر حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو تاریخ سےترغیب حاصل کر کے ملک کی تعمیر نو اور ایک مضبوط، عظیم ہندوستان کی تعمیر کے لیے کام کرنے کی اپیل کی ۔
ڈوبھال نے کہا،’’آج کا آزاد ہندوستان ہمیشہ ایسا نہیں تھا۔ ہمارے آباؤ اجداد نے آزادی کی جدوجہد میں بے پناہ مصائب، ذلت اور بے بسی کے ادوار کو برداشت کیا۔ گاؤں جلائے گئے، تہذیب کو تباہ کیا گیا اور مندروں کو لوٹا گیا۔ یہ تاریخ آج کے نوجوانوں کے لیے ایک چیلنج ہے،جو انہیں ملک کو پھر سے اس کے شاندار مقام پر بحال کرنے کی تحریک دیتا ہے۔‘‘
وکست بھارت ینگ لیڈرس ڈائیلاگ 2.0 ہفتہ سے 12 جنوری تک بھارت منڈپم میں منعقد کیا جائے گا۔ پہلا ایڈیشن جنوری 2025 میں منعقد ہوا تھا۔ اس مکالمے کو ہندوستان کے ترقی کے سفر میں نوجوانوں کی شراکت کو مضبوط بنانے کی طرف ایک اہم پہل سمجھا جاتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد