
نوی ممبئی، 10 جنوری (ہ س)۔ رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کی تیز گیند باز آل راونڈر پوجا وستراکر ہیمسٹرنگ انجری کے باعث اگلے دو ہفتوں تک کرکٹ سے دور رہیں گی۔ اس کی تصدیق آر سی بی کے ہیڈ کوچ مالولن رنگراجن نے جمعہ کو ممبئی انڈینز کے خلاف ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) 2026 کے افتتاحی مقابلے کے بعد کی۔
مالولن رنگراجن نے کہا، ’’پوجا وستراکر ممبئی انڈینز کے خلاف سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں تھیں۔ سینٹر آف ایکسیلنس (سی او ای)، بنگلورو سے ریلیز ہونے سے تقریباً دو ہفتے پہلے بدقسمتی سے ان کی ہیمسٹرنگ میں کھنچاو آ گیا۔ ہمارے پاس جو جانکاری ہے، اس کے مطابق انہیں ابھی دو ہفتے اور لگیں گے۔ اس سے پہلے وہ کندھے کے مسئلے کے سبب سی او ای میں تھیں اور اب ہیمسٹرنگ کی پریشانی ہے۔ یہ پوری طرح ہفتہ در ہفتہ کا عمل ہے، اس لیے ہم ان کی حالت پر نظر رکھیں گے۔‘‘
اس درمیان، آر سی بی نے ڈبلیو پی ایل 2026 میں اپنی مہم کی شاندار شروعات کی۔ ٹیم نے ممبئی انڈینز کو آخری گیند پر 3 وکٹ سے ہرایا۔ اس جیت میں ناڈین ڈی کلرک کی ناٹ آؤٹ 63 رن (44 گیند) کی شاندار اننگز فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
وہیں، مقابلے سے پہلے ممبئی انڈینز کو بھی جھٹکا لگا جب آل راؤنڈر ہیلے میتھیوز کندھے کی چوٹ کے سبب میدان پر نہیں اتر سکیں۔ ممبئی انڈینز کی ہیڈ کوچ لیسا کیٹلی نے بتایا، ’’بدقسمتی سے ان کا کندھا ابھی پوری طرح ٹھیک نہیں ہے۔ ٹریننگ کے دوران ہلکا کھنچاو آ گیا تھا۔ وہ کھیلنے کے کافی قریب ہیں، لیکن آج کا میچ ان کے لیے تھوڑا جلدی ہو گیا۔ ہم دیکھیں گے کہ وہ کل کیسا محسوس کرتی ہیں اور اگر فٹ رہیں تو اگلے میچ میں دستیاب ہوں گی۔‘‘
ٹورنامنٹ کے پہلے مقابلے میں قریبی ہار جھیلنے کے بعد، ڈیفینڈنگ چیمپئن ممبئی انڈینز ہفتہ کو ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم، نوی ممبئی میں دہلی کیپٹلس سے ٹکرائیں گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن