
بھونیشور، 10 جنوری (ہ س)۔ اڈیشہ کے رورکیلا شہر کے رگھوناتھ پلی علاقے میں ہفتہ کو جھولا اے بلاک کے قریب ایک چھوٹا چارٹر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں کل چھ افراد زخمی ہو گئے۔وزیر ٹرانسپورٹ بیبھوتی جینا نے کہا کہ جو طیارہ گر کر تباہ ہوا وہ نو سیٹوں والا تھا اور بھونیشور سے رورکیلا جا رہا تھا۔ جہاز میں چار مسافر اور عملے کے دو ارکان سوار تھے۔ زخمی مسافروں کی شناخت سوشانت کمار بشوال، انیتا ساہو، سنیل اگروال اور سبیتا اگروال کے طور پر ہوئی ہے۔ عملے کے ارکان میں کیپٹن نوین کڈانگا اور کیپٹن ترون سریواستو شامل ہیں۔
حادثے کے فوری بعد حکام نے راحت اور بچاو¿ کام شروع کر دیا۔ تمام زخمیوں کو بحفاظت باہر نکال کر قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ فوری طور پر یہ واضح نہیں ہے کہ طیارے کی کریش لینڈنگ کن حالات کی وجہ سے ہوئی۔ حکام اور متعلقہ اداروں نے حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ موہن ماجھی نے طیارہ حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے کہا کہ بھگوان جگن ناتھ کی مہربانی سے تمام مسافر محفوظ رہے جو کہ بڑی راحت کی بات ہے۔وزیراعلیٰ نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی کمی نہ ہو۔ وزیر اعلیٰ موہن ماجھی نے بھگوان جگناتھ سے تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے پراتھنا بھی کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan