
ممبئی، 10 جنوری (ہ س)۔ بلدیاتی انتخابات کے ماحول میں تمل ناڈو کے بی جے پی رہنما کے اننامالائی کے ایک بیان نے ممبئی کی شناخت کو لے کر سیاسی بحث کو مزید تیز کر دیا ہے۔ یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ٹھاکرے برادران مسلسل الزام لگا رہے ہیں کہ ممبئی کو مہاراشٹر سے الگ دکھانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور مراٹھی شناخت کو کمزور کیا جا رہا ہے۔ممبئی میں ایک انتخابی جلسے کے دوران اننامالائی نے کہا کہ ممبئی محض مہاراشٹر کا شہر نہیں بلکہ ایک عالمی شہر ہے۔ ان کے اس تبصرے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کو بی جے پی پر تنقید کا نیا موقع مل گیا ہے، جبکہ ٹھاکرے برادران اس معاملے کو مراٹھی وقار اور شہر کی شناخت سے جوڑ کر پیش کر رہے ہیں۔بی جے پی کی جانب سے ممبئی میں مختلف لسانی طبقات کو متوجہ کرنے کے لیے دیگر ریاستوں کے سرکردہ رہنماؤں کو انتخابی مہم میں شامل کیا گیا ہے۔ اننامالائی کی ریلی بھی اسی حکمت عملی کا حصہ تھی، جس کا مقصد تمل اور جنوبی ہند سے تعلق رکھنے والے ووٹروں تک پہنچنا تھا۔ اپنی تقریر میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ ممبئی پر بھی حکمرانی کرے اور شہر میں پارٹی کا میئر ہو۔انامالائی کے بیان پر اپوزیشن نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی کو مہاراشٹر سے الگ انداز میں پیش کرنا بی جے پی کے نظریے کو ظاہر کرتا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا دعویٰ ہے کہ اس بیان کے بعد سیاسی تنقید میں مزید شدت آئے گی اور آنے والے دنوں میں ممبئی کی شناخت کا مسئلہ انتخابی مہم کا اہم موضوع بن سکتا ہے۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے