
تل ابیب،10جنوری(ہ س)۔بزنس مین موٹی سانڈر نے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ اور وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے درمیان ایک سیاسی معاہدے کا انکشاف کیا ہے جو پانچ سال قبل طے پایا تھا جس کے تحت ہرزوگ کے صدر منتخب ہونے کے بدلے نیتن یاہو کو ایسی معافی دینے کا وعدہ کیا گیا تھا جو انہیں کرپشن کے الزامات میں ٹرائل سے بچا سکے۔ موٹی سانڈر الیکٹرانکس کے شعبے میں بین الاقوامی سطح پر ایک ممتاز بزنس مین ہیں اور اسرائیل، رومانیا اور یونان میں انتخابی مہمات کے سٹریٹجک مشیر رہے ہیں۔ انہوں نے 1999 میں ایہود باراک کی مہم کی قیادت کی تھی جس کے نتیجے میں وہ وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔ ان کے دائیں اور بائیں بازو کے ممتاز سیاستدانوں جن میں نیتن یاہو اور ہرزوگ شامل ہیں سے قریبی تعلقات ہیں۔جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب اسرائیلی چینل 12 کو دیے گئے ایک انٹرویو میں موٹی سانڈر نے بتایا کہ انہوں نے نیتن یاہو کو کرپشن کیسز کی وجہ سے جیل جانے سے بچنے کے لیے ایک ڈیل قبول کرنے کی ہدایت کی تھی اور ان کی اہلیہ سارہ نیتن یاہو کو بھی اس پر قائل کیا تھا۔موٹی سانڈر نے سارہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی بی جیل چلا جائے گا اور تم ہفتے میں ایک بار اس سے ملنے جاو گی۔ ہر بار میڈیا کی ٹیمیں تمہارے ساتھ ہوں گی۔ تم یہ برداشت نہیں کر سکو گی۔ آو اس معاملے کو ختم کریں۔ عدالت میں کیس رک جائے گا اور وہ اقتدار سے دستبردار ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سارہ رو رہی تھی اور چیخ رہی تھی۔ لیکن بی بی نے اس کا ہاتھ پکڑا اور اس سے کہا، موٹی ہمارا بھلا چاہتا ہے۔ اس پر غصہ نہ کرو۔ موٹی سانڈر نے وضاحت کی کہ ہرزوگ نے انہیں نیتن یاہو کے پاس یہ تجویز دے کر بھیجا تھا کہ وہ انہیں صدر منتخب کروانے میں حمایت کریں جس کے بدلے میں وہ ڈیل ہو گی جس کے لیے صدارتی معافی درکار ہے۔ہرزوگ کو ڈر تھا کہ نیتن یاہو لیکود پارٹی سے کسی اور امیدوار کو سامنے لائیں گے جسے دائیں بازو کی اکثریت کی حمایت حاصل ہو یا خود نیتن یاہو الیکشن لڑیں گے کیونکہ اسرائیلی قانون صدر کے خلاف ٹرائل کی اجازت نہیں دیتا اور ان کا انتخاب ٹرائل کو روک دیتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں سانڈر نے کہا کہ انہوں نے اس سکینڈل کو اب بے نقاب کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ ہرزوگ نیتن یاہو کو خوش کرنے کے لیے اس حد تک چلے گئے ہیں جو ریاستِ اسرائیل اور اس کے قوانین کے لیے توہین آمیز ہے۔ وہ آج انہیں جرم تسلیم کیے بغیر اور اقتدار چھوڑے بغیر معافی دینا چاہتے ہیں۔ اور یہ جائز نہیں ہے۔ہرزوگ کو علم ہو گیا تھا کہ موٹی سانڈر اس اسکینڈل کو بے نقاب کریں گے جس پر ان کے آدمیوں نے ان کے خلاف اشتعال انگیزی شروع کر دی اور ان پر الزائمر میں مبتلا ہونے کا الزام لگایا۔ لیکود پارٹی نے ایک بیان جاری کیا جس میں موٹی سانڈر پر جھوٹ بولنے کا الزام لگایا گیا۔ موٹی سانڈر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ افسوس ہے کہ میرا دوست ہرزوگ مجھ پر اس طرح کے ذلیل طریقے سے جھوٹ کا الزام لگا رہا ہے۔ میں واقعی بیمار ہوں اور ایک سال پہلے ڈاکٹر نے مجھ سے کہا تھا کہ مجھ میں الزائمر کے آثار ہیں۔ لیکن ڈاکٹر نے میری حالت پر نظر رکھی اور پایا کہ یہ ایک عارضی صورتحال تھی جو بغیر کسی اثر کے ختم ہوگئی۔ وہ میری ساکھ بگاڑ رہے ہیں۔موٹی سانڈر نے مزید کہا کہ نیتن یاہو مجھے جھوٹا کہہ رہے ہیں اور یہ فطری ہے لیکن ان کی تردید قائل کرنے والی نہیں ہے۔ جو ہمیں جانتے ہیں وہ جانتے ہیں کہ کون سچا ہے اور کون جھوٹا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دونوں اصولوں کا مطلب نہیں سمجھتے۔ میں ریاست کے خلاف کسی جرم میں شراکت دار نہیں بن سکتا۔ میں اس لیے لڑنے کو تیار ہوں کہ نیتن یاہو جیل نہ جائیں اور ہرزوگ انہیں معافی دیں لیکن شرط یہ ہے کہ یہ کام قانون، منطق اور حکومتی پاکیزگی کے مطابق ہو۔ ٹرائل اسرائیل کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے اور اسے رکنا چاہیے لیکن ضابطے کے مطابق۔ نیتن یاہو کو جرم تسلیم کرنا ہوگا، گھر جانا ہوگا اور جیل میں ایک دن گزارے بغیر اقتدار چھوڑنا ہوگا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan