
جموں, 10 جنوری (ہ س)جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد سے متصل ایک اگلے علاقے میں ڈرون کے ذریعے گرائے گئے اسلحہ کا ایک ذخیرہ برآمد کیا گیا ہے، جس کے پاکستان کی جانب سے بھیجے جانے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق برآمد شدہ اسلحہ میں دو پستول، تین میگزین، 16 کارتوس اور ایک دستی بم شامل ہیں۔ یہ کارروائی یومِ جمہوریہ کی آئندہ تقریبات کے پیش نظر سخت حفاظتی انتظامات کے دوران عمل میں لائی گئی، تاکہ دہشت گرد عناصر کی کسی بھی تخریبی کوشش کو ناکام بنایا جا سکے۔
ذرائع نے بتایا کہ سرحد پار سے مشتبہ ڈرون کی نقل و حرکت سے متعلق اطلاع ملنے کے بعد جمعہ کی شب بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) اور جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) نے مشترکہ طور پر گھگوال کے پلوڑا گاؤں میں تلاشی مہم شروع کی۔تلاشی کے دوران ایک نالے کے کنارے پیلے رنگ کی ٹیپ میں لپٹا ہوا ایک مشکوک پیکٹ برآمد کیا گیا، جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے محفوظ طریقے سے کھولا گیا۔ پیکٹ سے اسلحہ برآمد ہونے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھا گیا، جو آخری اطلاعات تک بدستور جاری تھا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر