
پٹنہ، 10 جنوری (ہ س)۔بہار میں پہاڑی ریاستوں سے آرہی برفیلی ہواؤں نےزندگی کو بری طرح سے درہم برہم کر دیا ہے۔ ریاست بھر میں درجہ حرارت مسلسل گر رہا ہے۔ 16 اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سیلسیس سے نیچے گر گیا ہے۔ سردی کے ساتھ ساتھ گھنے دھند بھی برقرار ہے، جس سے حد نگاہ میں نمایاں کمی واقع ہو رہی ہے اور ٹریفک متاثر ہو رہی ہے۔محکمہ موسمیات نے آج بہار کے 32 اضلاع میں کولڈ ڈے اور گھنے دھند کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ پٹنہ موسمیاتی مرکز کے مطابق ریاست میں فی الحال موسم خشک رہے گا، لیکن سردی سے راحت ملنے کی امید کم ہے۔ خاص طور پر شمالی اور جنوب مغربی حصوں میں کولڈ ڈے جیسے حالات کا انتباہ دیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ شمال مغربی اور شمال وسط بہار کے کئی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت گھنے دھند پڑ سکتی ہے۔ اس سے سڑک، ریل اور ہوائی ٹریفک میں خلل پڑنے کا امکان ہے۔ لوگوں کو ضروری احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ہفتہ کے روز ریاست میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 16 سے 18 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 6 سے 8 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے۔ حالانکہ آئندہ ایک سے دو روز کے دوران کم سے کم درجہ حرارت میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔کولڈ ڈے کا الرٹ راجدھانی پٹنہ سمیت نالندہ، گیا، جہان آباد، بھاگلپور، سیوان، گوپال گنج، مظفر پور، دربھنگہ، مدھوبنی، سیتامڑھی، نوادہ، شیخ پورہ، جموئی، لکھی سرائے، مونگیر، شیوہر، مشرقی چمپارن، مغربی چمپارن،سپول ، ارریہ ، بانکا ، کھگڑیا، بیگوسرائے ، ویشالی ، سارن ، کشن گنج ، پورنیہ ، کٹیہار، مدھے پورہ اور سہرسہ اضلاع کےلئے کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ سردی اور دھند کے پیش نظر محتاط رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بزرگوں اور بچوں کا خاص خیال رکھیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Afzal Hassan