اے ایم یو میں پیڈیاٹرک ایکوکارڈیوگرافی ورکشاپ کا اہتمام
علی گڑھ، 10 جنوری (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ امراض اطفال نے انٹرڈسپلنری پیڈیاٹرک کارڈیئک سنٹر اور انڈین اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس (آئی اے پی)، علی گڑھ کے اشتراک سے، اتر پردیش اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس (یو پی اے او پی) کے
پروفیسر شاد اکبری


علی گڑھ، 10 جنوری (ہ س)۔ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ امراض اطفال نے انٹرڈسپلنری پیڈیاٹرک کارڈیئک سنٹر اور انڈین اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس (آئی اے پی)، علی گڑھ کے اشتراک سے، اتر پردیش اکیڈمی آف پیڈیاٹرکس (یو پی اے او پی) کے زیر اہتمام پیڈیاٹرک ایکوکارڈیوگرافی پر ایک عملی ورکشاپ کا اہتمام کیا۔

بچوں میں دل کی پیدائشی بیماریوں کی بروقت تشخیص اور مؤثر نگہداشت کے مقصد سے اس ورکشاپ کا انعقاد وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون کی سرپرستی اور فیکلٹی آف میڈیسن کے ڈین پروفیسر محمد خالد اور پرنسپل و چیف میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر انجم پرویز کی رہنمائی میں کیا گیا۔

حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر محمد خالد نے بچوں میں دل کے امراض کی ابتدائی تشخیص اور بروقت علاج کے لیے پیڈیاٹرک ایکوکارڈیوگرافی میں مہارت پر مبنی تربیت کی اہمیت واضح کی۔ پروفیسر انجم پرویز نے ڈاکٹروں کی صلاحیت سازی کے ذریعے تعلیمی معیار کو بلند کرنے اور مریضوں کی بہتر نگہداشت کے لیے جے این میڈیکل کالج و اسپتال کے عزم پر زور دیا۔

آرگنائزنگ سکریٹری پروفیسر شاد عبقری نے کہا کہ اس نوعیت کے عملی تربیتی پروگرام بچوں کے قلبی علاج میں بہتری اور تشخیص میں تاخیر کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کورس کوآرڈینیٹر ڈاکٹر منیش تومر نے بتایا کہ یہ پروگرام بالخصوص وسائل کی کمی والے علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ماہرین امراض اطفال اور زیر تربیت ڈاکٹروں کو ایکوکارڈیوگرافی کی ضروری مہارتوں سے لیس کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔

ورکشاپ میں انٹرایکٹیو لیکچرز، لائیو ڈیمونسٹریشن اور عملی تربیتی سیشن شامل تھے۔ آرگنائزنگ ٹیم میں پروفیسر عظمیٰ فردوس، پروفیسر شاد عبقری، ڈاکٹر وکاس مہروترا، ڈاکٹر روہت وارشنے اور ڈاکٹر معاذ قدوائی شامل تھے، جبکہ تدریسی فیکلٹی میں ڈاکٹر منیش تومر، ڈاکٹر رولی شری واستوا، پروفیسر شاد عبقری اور ڈاکٹر معاذ قدوائی شامل رہے۔

ورکشاپ میں اے ایم یو اور خطے کے دیگر میڈیکل کالجوں کے شعبہ امراض اطفال، میڈیسن، ریڈیولوجی اور کارڈیالوجی سے وابستہ فیکلٹی ممبران، سینئر ماہرین امراض اطفال اور ریزیڈنٹ ڈاکٹروں نے شرکت کی۔

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande