
علی گڑھ، 10 جنوری (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران سال 2026 کے یونیورسٹی کیلنڈرز کا اجراء کیا۔ اس میں بڑے سائز کے سات صفحات پر مشتمل اور بڑے سائز کے ایک صفحہ پر مشتمل دو وال کیلنڈر شامل تھے۔
تقریب اجرا میں پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان، رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر مجیب اللہ زبیری، پراکٹر پروفیسر ایم وسیم علی، ڈین اسٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر رفیع الدین اور فنانس آفیسر مسٹر نورالسلام موجود رہے۔
پروفیسر نعیمہ خاتون نے اس موقع پر کہا کہ یونیورسٹی کیلنڈر اے ایم یو کی علمی، ثقافتی اور ادارہ جاتی وراثت کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہایت احتیاط سے منتخب کی گئی تصاویر اور ترتیب کیمپس کی متحرک زندگی کو نمایاں کرتے ہیں، جو یونیورسٹی کی دیرینہ روایات اور عصری علمی و ثقافتی سرگرمیوں کی عکاس ہیں۔ وائس چانسلر نے کیلنڈر کمیٹی اور دفتر رابطہ عامہ کی اس اشاعت کو سراہا جو جمالیاتی حسن کو ادارہ جاتی شناخت کے ساتھ ہم آہنگ کرتاہے۔
پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان نے کہا کہ یونیورسٹی کیلنڈر ایک قیمتی دستاویز ہے جو علامتی طور پر یونیورسٹی برادری کو اس کے ورثے اور جاری علمی سرگرمیوں سے جوڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیلنڈرز اے ایم یو کی متنوع سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں پیش کرتے ہیں اور تعلیم، تحقیق اور ثقافتی زندگی میں معیار کے تئیں یونیورسٹی کے پختہ عزم کی یاد دہانی کراتے ہیں۔ اس موقع پر آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی (وائس چانسلر آفس) پروفیسر اصفر علی خان، یونیورسٹی لائبریرین پروفیسر نشاط فاطمہ، ڈپٹی پراکٹر پروفیسر عفت اصغر، کیلنڈر کمیٹی کے اراکین پروفیسر وبھا شرما (کنوینر)، پروفیسر شافع قدوائی، پروفیسر بدر جہاں اور ڈاکٹر فائزہ عباسی اور رابطہ عامہ افسر مسٹر عمر پیرزادہ بھی موجود تھے۔
یونیورسٹی کے دونوں کیلنڈرز، پبلیکیشن ڈویژن میں فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے۔ سات صفحات والے کیلنڈر کی قیمت 100 روپے اور ایک صفحہ والے کیلنڈر کی قیمت 25 روپے ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ