
نئی دہلی، یکم جنوری (ہ س)۔ ہندوستانی ریلوے کی وندے بھارت ٹرین سیٹ کا سلیپر ورژن بن کر تیار ہو گیا ہے اور اس کا افتتاح اسی ماہ ہوگا۔ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے جمعرات کو یہاں اعلان کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس ماہ گوہاٹی اور ہاوڑہ کے درمیان ٹرین کا افتتاح کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرین شام کو دونوں سمتوں سے روانہ ہوگی اور اگلی صبح سویرے اپنی منزل پر پہنچے گی۔ یہ 16 کوچ والی ٹرین 11 اے سی-3 کوچز، چار اے سی-2 کوچز اور ایک اے سی-1 کوچ پر مشتمل ہوگی۔ ٹرین میں کل 823 مسافروں کی گنجائش ہوگی۔ ہر اے سی-3 کوچ میں 56 مسافر، ایک اے سی-2 کوچ میں 47 اور اے سی-1 کوچ میں 24 مسافر سوار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ گوہاٹی جانے والی ٹرین میں آسامی کھانا اور کولکاتا (ہاوڑہ جانے والی) ٹرین میں بنگالی کھانا پیش کیا جائے گا۔ کیٹرنگ کے لیے نئے مقامی دکانداروں سے معاہدہ کیا جائے گا۔ اس ٹرین میں کمبل، چادریں، تکیے اور دیگر اشیاء کے لیے ٹیکنالوجی پر مبنی دھلائی اور صفائی کے نظام کا بندوبست کیا گیا ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ کولکاتا اور گوہاٹی کے درمیان اے سی -3 کا کرایہ تقریباً ₹2300 (کھانے سمیت)، اے سی-2 کا تقریباً ₹3،000، اور اے سی-1 کا ₹3600 ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وندے بھارت سلیپر کے کرایوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ کرایہ کا نیا فارمولہ بنایا گیا ہے۔ فی کلومیٹر کرایہ اے سی-3 کے لیے ₹2.40، اے سی-2 کے لیے ₹3.10اور اے سی -1 کے لیے ₹3.80 ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سلیپر ٹرین کے ڈیزائن میں سینٹر آف گریوٹی ایک اہم تکنیکی چیلنج ہوتی ہے، کیونکہ یہ سلیپر کوچز میں اوپر چلا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سلیپر ورژن کا ڈیزائن چیئر کار کے مقابلے زیادہ پیچیدہ ہوتا ہے۔ درمیانی برتھ پر آرام سے بورڈنگ کو یقینی بنانے کے لیےکئی آزمائشیں کی گئی ہیں۔ وزیر کا دعویٰ ہے کہ وندے بھارت سلیپر کی سواری کا آرام دنیا کی کسی بھی ٹرین سے بہتر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ٹرین میں جدید ڈس انفیکٹنٹ ٹیکنالوجی لگائی گئی ہے جو کہ 99.99 فیصد ہوائی وائرس اور بیکٹیریا کو مار دیتی ہے۔ یہ خصوصیت وندے بھارت چیئر کار ٹرینوں میں بھی دستیاب ہے۔ وزیر نے مزید کہا کہ ٹری ’’کَوَچ‘‘ سیفٹی سسٹم، ایمرجنسی ٹاک بیک سسٹم اور دیگر جدید ترین حفاظتی خصوصیات سے آراستہ ہوگی۔ کوچز کو بالکل نئے ڈیزائن کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔ ٹرین معذوروں کے لیے خصوصی سہولیات بھی فراہم کرتی ہے۔
ریلوے کے وزیر نے کہا کہ تمام ممبران پارلیمنٹ چاہتے ہیں کہ وندے بھارت ٹرین ان کے حلقوں میں چلےاور یہ شمال مشرقی اور مشرقی ہندوستان کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط کرے گی۔ قابل ذکر ہے کہ وندے بھارت سلیپر ٹرین کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے، کیونکہ موجودہ وندے بھارت ٹرینوں میں سلیپر کوچز کی کمی ہے۔ اس نئی ٹرین کے متعارف ہونے سے عام مسافروں کے لیے لمبی دوری کا سفر مزید آسان ہو جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد