
ناگپور ، 9 دسمبر (ہ س)۔ مہاراشٹر کے سرمائی اجلاس کے دوران شیو سینا (ٹھاکرے گروپ) کے امباداس دانوے نے ایک ویڈیو سامنے لاکر سیاسی ماحول میں شدید ہلچل پیدا کر دی۔ ویڈیو میں حکمراں اتحاد سے تعلق رکھنے والے ایک ایم ایل اے نوٹوں کے بنڈل کے ساتھ دکھائی دے رہے ہیں، جس پر دانوے نے سخت سوال اٹھائے ہیں۔
دانوے نے ایکس پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ’’اس حکومت کے پاس صرف کسانوں کی قرض معافی کے لیے پیسہ نہیں، باقی سب تماشا ہے۔‘‘ انہوں نے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے سوال کیا کہ ویڈیو میں موجود ایم ایل اے کون ہیں اور وہ پیسوں کے ڈھیروں کے ساتھ کیا کر رہے ہیں۔
سیاسی ذرائع کے مطابق، ویڈیو میں شیو سینا (شندے گروپ) کے ایم ایل اے مہندر دلوی نظر آرہے ہیں، جس کے باعث حکمراں اتحاد میں بے چینی پیدا ہوگئی ہے۔ اپوزیشن نے ویڈیو کے منظر عام پر آتے ہی اسے سرمائی اجلاس میں بڑا مسئلہ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے دانوے نے کہا کہ ’’ویڈیو میں حکمراں پارٹی کے ایم ایل اے نظر آ رہے ہیں۔ بڑے نوٹوں کے تھیلے صاف دکھائی دیتے ہیں۔ یہ پیسہ کس کا ہے؟ کیوں رکھا گیا ہے؟ اس کی جانچ ہونی چاہیے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ وہ اس معاملے کی باضابطہ شکایت کرنے جا رہے ہیں اور پولیس کی ذمہ داری ہے کہ سچ سامنے لائے۔
ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد ریاستی سیاست میں تیز بحث چھڑ گئی ہے، اور اپوزیشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس معاملے کو اسمبلی میں مضبوطی سے اٹھائے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے