
نئی دہلی، 9 دسمبر (ہ س)۔ حکومت نے انڈیگو بحران کے سلسلے میں سخت کارروائی کی ہے۔ سول ایوی ایشن کی وزارت نے ایئرلائن کو اپنی پروازوں میں10 فیصد کم کرنے کا حکم دیا ہے۔ ایئر لائن کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسافروں کی سہولت کو یقینی بنائے اور جلد از جلد ریفنڈ اور سامان کی واپسی کو یقینی بنائے۔
مرکزی شہری ہوا بازی کے وزیر کے رام موہن نائیڈو نے منگل کو ایکس پوسٹ پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ مرکز نے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے پیدا ہونے والی افراتفری کے درمیان کام کو مستحکم کرنے کے لیے انڈیگو کے روٹس میں 10 فیصد تک کی کٹوتی کی ہے۔ اس سے قبل انڈیگو کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) پیٹر ایلبرس نے رام موہن نائیڈو سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے دوران پیٹر ایلبرز کو شہری ہوا بازی کے وزیر کے سامنے ہاتھ جوڑے ہوئے نظر آئے ۔
رام موہن نائیڈو نے مزید لکھا کہ شہری ہوابازی کی وزارت نےانڈیگو کو اپنے کل روٹس میں 10 فیصد کمی کرنے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ایئر لائن کے آپریشنز کو مستحکم کرنے اور مزید منسوخیوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے ہفتے، بہت سے مسافروں کو انڈیگو کے عملے کے روسٹر، پرواز کے شیڈول اور مواصلات کی کمی کی وجہ سے خاصی تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ جب کہ تحقیقات اور ضروری کارروائی جاری ہے، استحکام کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ایئر لائن کی اعلیٰ انتظامیہ کے ساتھ ایک اور میٹنگ ہوئی۔
وزیر نے بتایا کہ انڈیگو کے سی ای او پیٹر ایلبرس کو اپ ڈیٹ کے لیے وزارت میں طلب کیا گیا تھا۔ انہوں نے تصدیق کی کہ 6 دسمبر تک متاثرہ پروازوں کے لیے 100فیصد ریفنڈز مکمل ہو چکے ہیں۔ جس کے بعد باقی ماندہ رقم کی واپسی اور سامان کی حوالگی میں تیزی لانے کی سخت ہدایات جاری کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ انڈیگو کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وزارت کی تمام ہدایات بشمول کرایہ ایڈجسٹمنٹ اور مسافروں کی سہولت کے اقدامات، بغیر کسی استثناء کےکی تعمیل کرے ۔
اس سے پہلے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے ) نے انڈیگو ایئرلائنزکو اپنی موسم سرما کی پروازوں میں 5فیصد کمی کرنے کی ہدایت جاری کی تھی۔ ریگولیٹر نے کہا کہ اس کمی کے نتیجے میں ایئر لائن روزانہ تقریباً 110 پروازوں سے محروم ہو جائے گی۔ ملک کی سب سے بڑی ایئر لائن انڈیگو روزانہ تقریباً 2,200 پروازیں چلاتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد