
نئی دہلی، 9 دسمبر (ہ س): شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے) نے انڈیگو کے موسم سرما کی پروازوں کے شیڈول میں 5فیصد کی کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کمی کے نتیجے میں ایئر لائن روزانہ تقریباً 110 پروازوں سے محروم ہو جائے گی۔ ملک کی سب سے بڑی ایئر لائن انڈیگو روزانہ تقریباً 2,200 پروازیں چلاتی ہے۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے منگل کو ایک حکم جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ یکم دسمبر سے بڑے پیمانے پر پروازوں میں رکاوٹوں کے بعد نجی ایئر لائن انڈیگو کے فلائٹ آپریشن میں پانچ فیصد تک کمی آئی ہے۔ ایئر لائن کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بدھ شام 5 بجے تک ڈی جی سی اے کو نظر ثانی شدہ شیڈول پیش کرے۔
ڈی جی سی اے کی طرف سے انڈیگو کو جاری کردہ سرکاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نومبر کے موسم سرما کے شیڈول کے تحت، ایئر لائن کو ہر ہفتے 15,014 روانگیوں اور کل 64,346 پروازوں کی منظوری دی گئی تھی۔ تاہم، آپریشنل ڈیٹا سے پتہ چلتا ہے کہ انڈیگو نے صرف 59,438 پروازیں چلائی تھیں۔ نومبر میں بھی ایئر لائن کی 951 پروازیں منسوخ ہوئیں۔
قبل ازیں پیر کو مرکزی شہری ہوا بازی کے وزیر کے رام موہن نائیڈو نے کہا تھا کہ حکومت موجودہ موسم سرما کے شیڈول کے تحت انڈیگو کی پروازوں میں کٹوتی کرے گی۔ ایئر لائن مالی سال 2025-26 کے موسم سرما کے شیڈول کے تحت روزانہ 2,200 پروازیں چلا رہی ہے۔------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی