
شمس آباد ایئرپورٹ کو دوبارہ بم سے اڑانے کی دھمکی، سیکورٹی ہائی الرٹ
حیدرآباد ،9 دسمبر(ہ س)۔ حیدرآباد کے شمس آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ میں ایک بار پھرخوف وتشویش کی فضا پیدا ہوگئی ہے،کیونکہ ایئرپورٹ انتظامیہ کو امریکہ جانے والی پروازوں میں بم ہونے کی دھمکی موصول ہوئی۔ نامعلوم شخص کی جانب سے بھیجے گئے ای-میل میں دعویٰ کیا گیا کہ امریکہ روانہ ہونے والی کچھ پروازوں میں بم نصب کیا گیا ہے، جو ٹیک آف کے 10 منٹ بعد دھماکے سے پھٹ جائے گا۔ دھمکی میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ اگردھماکہ روکنے ہیں توایک ملین ڈالر ادا کیے جائیں۔
ای میل کے بعد ایئرپورٹ سیکورٹی فورس، سی آئی ایس ایف اور پولیس فوری حرکت میں آگئے اور شمس آباد ایئرپورٹ کے تمام اہم مقامات پرسخت چیکنگ اورسرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہواکہ دھمکی بھیجنے والاشخص نیویارک سے تعلق رکھنے والا ’جاسپرپکارتھ‘ نامی فرد ہے۔ پولیس نے اس معاملے پر مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
شمس آباد ایئرپورٹ کو پچھلے چند دنوں سے مسلسل بم دھمکیوں کا سامنا ہے۔ دو دن قبل بھی حیدرآباد آنے والی دو پروازوں کو ایسی ہی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔ تازہ واقعے میں مزید تین بین الاقوامی اور گھریلو پروازوں کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئے ہیں، جس کے بعد ایئرپورٹ کو ایک بار پھرہائی الرٹ کر دیا گیا۔ کنور (کیرالا) سے آنے والی انڈیگو پرواز، فرینکفرٹ سے حیدرآباد پہنچنے والی لُفتھانسا پرواز، لندن سے حیدرآباد آنے والی برٹش ایرویز پرواز ہے۔
تمام متاثرہ پروازوں کو شمس آباد ایئرپورٹ پر محفوظ طریقے سے لینڈ کرایا گیا۔ بعدازاں بم اسکواڈ اور ڈاگ اسکواڈ کی ٹیموں نے طویل تلاشی مہم چلائی اور طیاروں کوحفاظتی طورپرآئی سولیشن بیس کی جانب منتقل کر دیا گیا۔ مسلسل بم دھمکیوں کے باعث مسافروں میں خوف وبے چینی بڑھ رہی ہے، جبکہ ایئرپورٹ انتظامیہ اورسیکورٹی ایجنسیاں ہر آنے والی فلائٹ کے لیے اضافی احتیاطی اقدامات کررہی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھمکیوں کے پس منظر اور بھیجنے والے کی نیت و مقاصد کی گہرائی سے تفتیش جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق