
کولکاتا، 8 دسمبر (ہ س)۔ ٹی ایم سی سے معطل بھرت پور کے ایم ایل اے ہمایوں کبیر کی مغربی بنگال اسمبلی میں ان کی سیٹ تبدیل ہو سکتی ہے۔ پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے پیر کو کہا کہ یہ فیصلہ آئندہ سرمائی اجلاس اور عبوری بجٹ اجلاس سے پہلے کیا جا سکتا ہے۔
ہمایوں کبیر کو مرشد آباد میں بابری مسجد طرز کی مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب منعقد کرنے پر پارٹی سے چھ سال کے لیے معطل کر دیا گیا تھا۔ پارٹی نے پہلے انہیں اس تقریب سے دور رہنے کی ہدایت کی تھی لیکن انہوں نے حکم عدولی کی۔
ریاستی اسمبلی میں ٹی ایم سی کے چیف وہپ نرمل گھوش نے کہا، ہم اس معاملے کی نگرانی کر رہے ہیں۔ کبیر سمیت معطل ایم ایل اے کے بیٹھنے کے انتظامات پر فیصلہ کچھ دنوں میں کیا جائے گا۔
اپنی معطلی کے بعد کبیر نے اتوار کو اعلان کیا کہ وہ ٹی ایم سی ایم ایل اے رہیں گے۔ انہوں نے پہلے استعفیٰ دینے کی دھمکی دی تھی لیکن بعد میں اپنا فیصلہ واپس لے لیا۔
ٹی ایم سی پارلیمانی پارٹی نے آئندہ اجلاسوں کے پیش نظر کبیر کی سیٹ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ موجودہ اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے پہلے اجلاس میں موجود ہوں گے اور پارٹی کو کشمکش میں ڈالنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ اس لیے انہیں جنرل سیٹوں سے دور رکھنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع نے یہ بھی اشارہ دیا ہے کہ کبیر کو ٹی ایم سی کے معطل ایم ایل اے پارتھا چٹرجی کے ساتھ بٹھایا جا سکتا ہے۔ پارتھا چٹرجی کو 2022 میں اسکول سروس کمیشن بھرتی گھوٹالہ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ گرفتار کیے جانے کے بعد معطل کردیا گیا تھا۔ چٹرجی نے حال ہی میں عدالتی حراست سے رہائی کے بعد اسمبلی میں واپسی کی خواہش ظاہر کی تھی۔
قابل ذکر ہے کہ موجودہ اسمبلی کی مدت چند ماہ میں ختم ہونے والی ہے۔ سرمائی اجلاس اور عبوری بجٹ اجلاس آئندہ سال کے انتخابات سے قبل اسمبلی تحلیل ہونے سے پہلے منعقد کیا جائے گا۔
ہمایوں کبیر کو گزشتہ ہفتے ٹی ایم سی سے معطل کر دیا گیا تھا جب انہوں نے بیلڈنگہ (مرشد آباد) میں بابری مسجد کی طرز کی مسجد کا سنگ بنیاد رکھا تھا
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی