
حیدرآباد، 8 دسمبر(ہ س)۔ تلنگانہ کے ضلع رنگاریڈی کے آمنگل قصبے میں ایک پاگل کتے کی دہشت نے مقامی آبادی کوخوفزدہ کردیا۔عینی شاہدین کے مطابق کتے نے سڑک پر جس بھی شخص کودیکھا، اس پرحملہ کیااوردیکھتے ہی دیکھتے 36 افراد کوکاٹ کرزخمی کردیا۔ اچانک ہونے والی اس واردات سے علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اورلوگ اپنی جان بچانے کےلیے گھروں میں پناہ لینے لگے۔ مقامی افراد نے بتایاکہ کتا قصبے کی مختلف گلیوں میں دوڑتا رہااورجوبھی اُس کے سامنے آیا،اُس پرحملہ کرتاگیا۔ مسلسل حملوں سے مشتعل اورخوفزدہ لوگوں نے بالآخرکتے کوماردیا تاکہ مزید جانیں محفوظ رہ سکیں۔ زخمی ہونے والے تمام افرادکوفوری طورپرقریبی ہاسپٹل منتقل کیاگیا،جہاں ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ 36 افرادکوعلاج فراہم کیاگیاہے اورتمام ضروری ویکسین بھی دی جا رہی ہیں تاکہ مریض کسی بھی بڑے خطرے سے محفوظ رہیں۔واقعہ کے بعدآمنگل میں خوف کی فضابرقرار ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ آوارہ جانوروں کی غیر معمولی حرکات کی فوری اطلاع دیں اوراحتیاط برتیں۔ علاقے میں جانوروں کی نگرانی اورحفاظتی اقدامات پر بھی غور کیاجارہاہے تاکہ آئندہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہو۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق