
ناگپور، 8 دسمبر (ہ س)۔ مہاراشٹر اسمبلی کا سرمائی اجلاس پیر کے روز قومی گیت ’وندے ماترم‘ کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر اس گیت کو مکمل پڑھنے کے ساتھ شروع ہوا۔ عام طور پر اجلاس کے پہلے دن صرف ابتدائی دو بند پڑھے جاتے ہیں، تاہم اس برس خصوصی موقع کے باعث پوری نظم پیش کی گئی۔
اجلاس کے آغاز پر روایتی طور پر ’وندے ماترم‘ کے ابتدائی اشعار پڑھنے کے بعد ریاستی گیت ’جئے جئے مہاراشٹر ماجھا‘ بھی پیش کیا گیا۔ اسپیکر راہل نارویکر نے کہا کہ گیت کی تخلیق کے 150 برس مکمل ہونے کے پیش نظر پورے ورژن کی پڑھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نارویکر نے وضاحت کی، ’’ہر سیشن میں صرف دو بند پڑھے جاتے ہیں لیکن اس تاریخی موقع پر ایوان اس کا مکمل ورژن پیش کر رہا ہے۔‘‘ اس موقع پر تمام ارکان اسمبلی نے اجتماعی طور پر پورا گیت پڑھ کر تقریب کی شان میں اضافہ کیا۔
مرکزی سطح پر بھی اس موقع کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ لوک سبھا نے قومی گیت کی سالگرہ پر 10 گھنٹے طویل بحث کا پروگرام ترتیب دیا ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے 7 نومبر کو ’وندے ماترم‘ کے 150 سال مکمل ہونے کے سلسلے میں سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کا باضابطہ آغاز کیا تھا۔
یہ نظم بنکم چندر چٹرجی نے لکھی تھی، جبکہ اس کی موسیقی جدوناتھ بھٹاچاریہ نے ترتیب دی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں اور طلبہ میں گیت کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کے بارے میں شعور بڑھانا ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے