
معروف علیگ ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ کا یونیورسٹی کا دورہ، وائس چانسلر سے ملاقات
علی گڑھ، 8 دسمبر (ہ س)۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے فارغ التحصیل اورامریکہ میں مقیم ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ (واشنگٹن ڈی سی، امریکہ) نے اے ایم یو کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر نعیمہ خاتون، پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خان اور رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر سے ملاقات کی۔ اس دوران ادارے سے سابق طلبہ کی وابستگی کو مزید مستحکم کرنے اور ادارہ جاتی ترقی کو بہتر کرنے کے امکانات و مواقع پر گفتگو ہوئی۔
ڈاکٹر عبداللہ نے یونیورسٹی کی حالیہ پیش رفت کی ستائش کی اور اے ایم یو کے عالمی وژن کے تئیں اپنی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا ”اے ایم یو نے میری زندگی سنواری اور میری تمناؤں کو پرواز دی۔ اپنی مادر علمی کی خدمت کرنا میرے لیے ایک اعزاز ہے اور ایک ذمہ داری بھی۔ اے ایم یو کے سابق طلبہ، رہنمائی، اشراک و تعاون اور بامعنی اقدامات کے ذریعے اے ایم یو کے علمی اور سماجی اثر کو مستحکم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں“۔ وائس چانسلر نے ڈاکٹر عبداللہ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ڈاکٹر عبداللہ نے انہیں سر سید ڈے میگزین 2025 کا خصوصی سووینیئر ایڈیشن پیش کیا، جسے علی گڑھ الومنئی ایسوسی ایشن آف نیویارک نے شائع کیا ہے، اور اسے ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر مرزا عرفان اے بیگ کی جانب سے پیش کیا گیا۔
اس موقع پر پروفیسر نعیمہ خاتون نے کہا ”ہمارے سابق طلبہ یونیورسٹی کے سب سے مؤثر سفیر ہیں۔ ان کی غیر متزلزل وابستگی سر سید کے اس دیرپا وژن کی ترجمان ہے جو تعلیم، قیادت اور اجتماعی ترقی سے عبارت ہے“۔ پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد محسن خاں نے کہا کہ سابق طلبہ اور یونیورسٹی کے درمیان مضبوط اشتراک و تعاون، تحقیق، اختراع اور صلاحیت سازی کو آگے بڑھانے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ رجسٹرار پروفیسر عاصم ظفر نے کہا کہ اس طرح کی ملاقاتیں ادارے اور سابق طلبہ کے تعلقات کو تازہ کرتی ہیں اور پائیدار شراکت کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔ اس ملاقات کے دوران او ایس ڈی پروفیسر محمد پرویز، پراکٹر پروفیسر وسیم علی، پی آر او عمر پیرزادہ اور پروفیسر ایچ ایس اے یحییٰ (سبکدوش) بھی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ