
ڈونالڈ ٹرمپ کو پہلا فیفا امن انعام، فٹ بال ورلڈ کپ ڈرا کے دوران اعزاز سے سرفراز
واشنگٹن، 6 دسمبر (ہ س)۔ نوبل امن انعام پانے کی حسرت میں بنا رکے دعووں کی جھڑی لگانے والے امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو فیفا کا امن انعام ملا۔ واشنگٹن واقع کینیڈی سینٹر میں جمعہ کو منعقدہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ڈرا کے دوران امریکی صدر ٹرمپ کو پہلا فیفا امن انعام سے نوازا گیا۔
خود کو مسلسل امن کا سب سے بڑا سفیر بتانے والے ٹرمپ کو پہلا فیفا امن انعام دیا گیا ہے۔ 5 دسمبر کو واشنگٹن میں ہوئے فیفا ورلڈ کپ ڈرا کے دوران یہ انعام دیا گیا۔ فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے ٹرمپ کو میڈل اور ٹرافی دے کر اعزاز سے نوازا اور کہا کہ یہ انعام دنیا بھر میں امن اور اتحاد کو فروغ دینے کے لیے کیے گئے کاموں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ فیفا امن انعام سے سرفراز ہونے پر ٹرمپ نے کانگو سمیت دنیا کے مختلف تنازعات میں اپنے کردار کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا اب زیادہ محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ان کی زندگی کے سب سے بڑے اعزازات میں سے ایک ہے۔ وہائٹ ہاوس نے اس سلسلے میں سوشل پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ شیئر کر کے کہا ہے کہ فیفا امن انعام، صدر ٹرمپ کی امن کے تئیں ان کی لگن کو ظاہر کرتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ فٹ بال ورلڈ کپ 2026 امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کے ذریعے مشترکہ طور پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ ٹورنامنٹ 11 جون سے شروع ہوگا اور 16 شہروں میں 104 میچ کھیلے جائیں گے۔ حالانکہ اس کھیل کے انعقاد کے دوران ٹرمپ کو پہلا فیفا امن انعام دیے جانے کو لے کر کافی سوال بھی اٹھ رہے ہیں۔ بڑی تعداد میں لوگ اتنے بڑے کھیل کے انعقاد کو سیاسی پیغامات سے جوڑے جانے کی تنقید کر رہے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن