
نئی دہلی، 4 دسمبر (ہ س)۔
بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ بانسوری سوراج کے والد اور سابق وزیر خارجہ سشما سوراج کے شوہر اور سینئر وکیل سوراج کوشل کا جمعرات کو 73 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ وہ میزورم کے گورنر اور راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی آخری رسومات آج شام ادا کی گئیں ۔ لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا، مرکزی وزراء اور کئی دیگر رہنماو¿ں نے ان کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
بی جے پی ایم پی بانسوری سوراج نے اپنے آنجہانی والد کو یاد کرتے ہوئے کہا، پاپا سوراج کوشل، آپ کا پیار، آپ کا نظم و ضبط، آپ کی سادگی، آپ کی حب الوطنی، اور آپ کا بے پناہ صبر میری زندگی کی روشنی ہے جو کبھی مدھم نہیں ہوگی۔ اپنے جذباتی پیغام میں، انہوں نے لکھا کہ ان کا انتقال ان کی زندگی کا سب سے گہرا دکھ ہے، لیکن انہیں یقین ہے کہ وہ اب سشما سوراج کے ساتھ ایشور کے حضور میں ہیں۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے سوراج کوشل کو انصاف، جمہوریت اور قومی خدمت کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سادہ اور فرض شناس شخصیت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے کہا کہ سوراج کوشل نے بے مثال لگن کے ساتھ قوم کی خدمت کی، اور قانونی میدان میں ان کی شراکت نے معاشرے اور نظام انصاف کو مضبوط کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔
مرکزی وزیر کرن رجیجو نے انہیں ذہین، گرمجوشی اور عوامی زندگی کے لیے وقف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سوراج کوشل کا انتقال بہت بڑا نقصان ہے۔
میزورم کے گورنر جنرل وی کے سنگھ نے کہا کہ سوراج کوشل کے انتقال کی خبر گہرے دکھ کی بات ہے اور انہوں نے آنجہانی کی روح کی تسکین کیلئے دعا کی
مرکزی وزیر مواصلات جیوتی رادتیہ سندھیا نے سوراج کوشل کو ایک گرمجوش، پرسکون اور علمی شخصیت کے طور پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت اور انصاف کے لیے ان کی خدمات مثالی ہیں۔
دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے بھی اپنے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوراج کوشل کی عوامی زندگی اور قانونی میدان میں شراکت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے بانسوری سوراج اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
اتر پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے کہا کہ سوراج کوشل نے بے مثال لگن کے ساتھ ملک اور سماج کی خدمت کی۔
بی جے پی دہلی کے ریاستی صدر وریندر سچدیوا نے بھی ان کے انتقال کو انتہائی افسوسناک قرار دیا اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔
قابل ذکر ہے کہ 12 جولائی 1952 کو پیدا ہونے والے سوراج کوشل کو 1990 میں 37 سال کی عمر میں میزورم کا گورنر بنایا گیا تھا، جس سے وہ ملک کی تاریخ میں سب سے کم عمر گورنر بنے۔ وہ 1990 سے 1993 تک اس عہدے پر فائز رہے۔ اس کے بعد انہوں نے 1998 سے 2004 تک ہریانہ سے راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر خدمات انجام دیں۔ان کا قانونی اثر و رسوخ بھی خاصا تھا اور سپریم کورٹ میں سینئر وکیل کی حیثیت سے انہوں نے کئی اہم اور حساس مقدمات کی نمائندگی کی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ