
اورنگ آباد ، 4 دسمبر(ہ س)۔ ریاست بھر سے منتخب مہاراشٹر کے 500 مثالی
اساتذہ کے لیے منظم کی گئی ایک روزہ ریاستی سطحی ورکشاپ جمعرات کو چھترپتی سمبھاجی
نگر کے تپاڈیا ناٹیا مندر میں اختتام پذیر ہوئی۔ یہ پروگرام ’آئیڈیل ٹیچر‘ مہم کے
تحت منعقد ہوا، جس کا مقصد بہترین تدریسی خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو شناخت دینا
اور انہیں تعلیمی بہتری کے قائدین کے طور پر تیار کرنا ہے۔
اسکولی
تعلیم کے وزیر دادا بھوسے نے کہا کہ ایسے منتخب اساتذہ اپنی کامیابیوں کو دوسروں
تک منتقل کریں اور تعلیمی نظام میں جدت و ترقی کے لیے فعال کردار ادا کریں۔ انہوں
نے واضح کیا کہ یہ اساتذہ اپنے اداروں میں بہتری کی سرگرمیوں پر کام کریں گے اور
ساتھی اساتذہ کی تربیت میں رہنمائی فراہم کریں گے۔
بھوسے
نے طلبہ مرکوز تدریس، ٹیکنالوجی کے دانشمندانہ استعمال اور مستقبل کو مدنظر رکھتے
ہوئے تدریس کے طریقوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ تعلیم جلد ہی
آئیڈیل اساتذہ، بہترین اسکولوں اور مثالی اداروں پر مشتمل ایک علیحدہ بینک تشکیل
دے گا، جو پالیسی سازی اور معیار کی بہتری میں معاون ثابت ہوگا۔
ورکشاپ
کے دوران مختلف تعلیمی موضوعات پر خصوصی تربیتی سیشن ہوئے جن میں ڈیجیٹل تعلیم،
قدر آموزی، جدید تدریسی تکنیک اور طلبہ کی ہمہ جہت نشوونما شامل تھیں۔ ماہر اساتذہ
دتاترے ویرے، کیشو گاویت، راجندر پاٹیکر اور خورشید شیخ نے پروجیکٹ پر مبنی سیکھنے،
کمیونٹی شمولیت، کلاس روم نظم و ضبط اور طلبہ کی حوصلہ افزائی جیسے شعبوں میں
گہرائی سے رہنمائی کی۔
تقریب میں
وزیر مملکت پنکج بھوئیر، ایس سی ای آر ٹی پونے کے سینئر عہدیداران سچندرا پرتاپ
سنگھ اور راہل ریکھاور، ضلع کلکٹر دلیپ سوامی، چیف ایگزیکٹیو آفیسر انکت، اسکیم
ڈائرکٹر کرشن کمار پاٹل کے علاوہ ریاست بھر کے اساتذہ اور افسران نے بھرپور شرکت کی۔
ہندوستھان
سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے