
نئی دہلی، 4 دسمبر (ہ س)۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے 23 ویں ہندوستان-روس چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئےآج شام یہاں پہنچنے پر وزیر اعظم نریندر مودی نے پروٹوکول کو توڑتے ہوئے خود ان کا ہوائی اڈے پر پرتپاک استقبال کیا ۔
مودی شام تقریباً پونے سات بجے پالم ایئر فورس اسٹیشن پہنچے۔ پوتن کا طیارہ شام سات بجے کے قریب اترا۔ اس کے بعد تقریباً 7 بج کر 20 منٹ پر پوتن طیارے سے اترے۔ دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے ہاتھ ملا یا اور پھر ایک دوسرے سے گلے ملے۔ اس موقع پر ہندوستان میں روس کے سفیر ڈینس علیپوف، روس میں ہندوستانی سفیر ونے کمار، دونوں ممالک کے سینئر سفارت کار اور فوجی حکام ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ پوتن نے سب سے ہاتھ ملایا۔ اس کے بعد وہ وزیر اعظم مودی کے ساتھ ہندوستانی فنکاروں کے ایک گروپ کے استقبالیہ رقص سے لطف اندوز ہوئے ۔
اس کے بعد دونوں رہنما خصوصی طور پر تیار کار میں سوار ہوئے اور 7، لوک کلیان مارگ پر واقع وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے لیے روانہ ہوئے، جہاں وہ نجی بات چیت کریں گے۔ مودی نے پوتن کے اعزاز میں پرائیویٹ ڈنر کا بھی اہتمام کیا ہے۔
ہندوستان اور روس کے مابین 23 ویں چوٹی کانفرنس کل صبح 11:50 بجے حیدرآباد ہاؤس میں ہوگی۔ دونوں رہنما ہندوستان-روس بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے۔ پوتن کل رات صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کی طرف سے دی گئی سرکاری ضیافت میں شرکت کے بعد وطن واپس چلے جائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد